اللہ تعالیٰ ہر انسان کو اپنی کائنات کے نظاروں کی طرف دعوت دیتے ہوئے فرماتے ہیں: ''یہ لوگ آسمان کی جانب کیوں نہیں دیکھتے کہ اسے کیسے رفعت سے نوازا گیا‘‘ (الغاشیہ:18)۔
پاک چین دوستی کے محبت بھرے نظارے ہم درۂ خنجراب پر بھی دیکھتے ہیں۔ میدانوں اور سمندروں میں بھی دیکھتے ہیں۔ فضائوں میں جے ایف 17 تھنڈر کی صورت میں دیکھتے ہیں اور اب خلائوں میں اس لازوال دوستی کو دیکھنے کیلئے ہم اہلِ پاکستان کی نگاہیں صحرائے گوبی کے لانچنگ سنٹر پر مرکوز تھیں۔ سردیوں کے موسم میں یہاں کا درجہ حرارت منفی 40 ڈگری تک گر جاتا ہے۔ ہماری نگاہیں تو ایک تاریخی منظر دیکھنے کو بیتاب تھیں‘ وگرنہ 25 نومبر کی صبح کو سردی بڑی شدید تھی۔ میرے تصور کی آنکھیں چین کے اس صحرا سے آگے بڑھ کر منگولیا کے صحرائے گوبی تک جا پہنچیں‘ جہاں سے چنگیز خان اور ہلاکو خان عالم اسلام کیلئے تباہی کا طوفان بن کر اٹھے تھے۔ یہ طوفان ہمارے لیے ایک سزا تھی۔ پھر اس طوفان کو اللہ تعالیٰ نے بادِ نسیم کا جھونکا بنا دیا‘ جب چنگیز خان کے پوتے اور ہلاکو خان کے چچازاد بھائی برکہ خان (ابو المعالی) نے دامنِ اسلام کو تھام لیا۔ پھر اسی نے مصر کے رکن الدین بیبرس کے ساتھ مل کر منگول آندھی کو لگام ڈالی۔ مصورِ پاکستان حضرت علامہ اقبال نے کیا خوب فرمایا: پاسباں مل گئے کعبے کو صنم خانے سے۔ چین نے آج اس صحرائے گوبی کو باغوں‘ فصلوں اور لہلہاتے گلستانوں میں بدل دیا ہے۔ یہیں جیوکو ان سیٹیلائٹ لانچ سنٹر بنایا ہے جہاں سے ایک خلائی مشن روانہ ہوا جس کو شین زو 24 کا نام دیا گیا ہے۔ یہ مشن تین گھنٹے 38 منٹ کے سفر کے بعد چین کے انٹرنیشنل سپیس سنٹر سے مل گیا‘ جسے چین نے 2003ء میں قائم کیا تھا۔
پاک فضائیہ کے فائٹر پائلٹ‘ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی اس مشن کے تین میں سے ایک رکن ہیں۔ ان کے سینے پر پاکستان کا پرچم تھا اورپاکستان کے قومی پھول چنبیلی کی علامت بھی تھی۔ چنبیلی کا پودا میرے گھر میں بھی لگا ہے۔ سورج غروب ہوتے ہی اس کی سہانی خوشبو دل و دماغ کو راحت دیتی ہے۔ فجر تک یہ فضا کو معطر رکھتی ہے۔ صحرائے گوبی جسے چین نے گلستانوں میں بدلا‘ وہاں 25 نومبر کی صبح پاکستان کا ایک پھول اپنی خوشبو دے رہا تھا۔ یہ ایک پیغام تھا اہلِ دنیا کیلئے کہ پاکستان سارے جہان کے ہر ملک کو چنبیلی کی خوشبو سے مہکانے کا خواہاں ہے‘ بم اور بارود سے انسانیت کو بچانا چاہتا ہے کہ گلاب جیسے بچے اور چنبیلی جیسی بچیاں بارود کا شکار ہونے کیلئے اس جہان میں نہیں آئیں۔ اس خلائی مشن کے کمانڈر ''ٹام ہونگ بو‘‘ تھے اور مشن کے تیسرے رکن ''وو یی‘‘ تھے۔ ان کی قومی علامت‘ قیمتی نگینوں کے جڑائو سے ایک پٹی ہے جسے زیب تن کیا جاتا ہے۔ یہ چینی ثقافت کی ایک علامت ہے۔ آج کے دور میں 'شین زین‘ شہر میں چین‘ امریکہ اور روس کے سربراہوں کی جو ملاقات ہوئی اس سے ثابت ہو گیا کہ چین جنگیں نہیں لڑنا چاہتا‘ وہ امن اور بزنس کی بات کرتا ہے۔ وہ سماجی اعتبار سے دنیا میں ٹاپ پر ہے۔ یہ پٹی اسی سماجی رتبے کی علامت ہے۔ یہ علامت چین کو ارضی معدنیات سے اٹھا کر خلائی تسخیر کے ساتھ جوڑتی ہے۔ یوں پاکستان اور چین نے صحرائے گوبی کے لانچنگ سنٹر سے پیغام دیا ہے کہ دوستی کرو تو پاکستان چین جیسی دوستی کرو‘ جو منافقت اور دوغلے پن سے پاک ہو۔ ان علامتوں کے حوالے سے دونوں ملکوں نے پیغام دیا کہ انسانی سماج مکرو فریب اور دھمکیوں سے نہیں بنتے بلکہ ایسی مہذبانہ علامتوں سے بنتے ہیں‘ جن میں سائنس اور ٹیکنالوجی ہے تو انسانیت کی بہبود کیلئے ہے۔
خلا نورد دو قسم کے ہوتے ہیں۔ ایک سائنسی ہوتے ہیں اور دوسرے سیاحتی ہوتے ہیں۔ سیاحتی خلا نورد وہ ہوتے ہیں جو زمین کے گرد چکر لگا کر واپس آ جاتے ہیں جبکہ سائنسی خلا نورد وہ ہوتے ہیں جو خلا میں سائنسی تجربات کیلئے جاتے ہیں۔ پاک وطن کے فائٹر پائلٹ فضائی مجاہد تو ہیں ہی‘ اقبال کے شاہین بھی ہیں اور ساتھ ہی ایک سائنسدان بھی ہیں۔ عمر 40سال ہے۔ چینی زبان میں مہارت رکھتے ہیں۔ مذکورہ مشن میں ان کی حیثیت اور رتبہ پے لوڈ سپیشلسٹ کا ہے؛ یعنی محمد ذیشان علی خلائی جہاز اور خلائی سٹیشن پر موجود مخصوص سائنسی آلات کے نہ صرف ماہر ہیں بلکہ تکنیکی سامان کو چالو رکھنے میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ وہ خلا میں سائنسی تجربات اور تحقیقی مقاصد پر کام کر رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ پاک وطن کے حصے میں اتنا بڑا اعزاز آیا ہے کہ ہم اللہ کریم کا شکر بھی ادا نہیں کر سکتے۔ اسی لیے تو محمد ذیشان علی نے آسمانی رفعتوں کی طرف رختِ سفر باندھتے ہوئے پیغام دیا کہ ''میرے سینے میں 25 کروڑ اہلِ وطن کے خواب ہیں‘‘۔ اللہ اللہ! پاک فضائیہ کے ایک مجاہد سائنسدان کا ویژن اور بصیرت کس قدر رفعتوں کی حامل ہے۔ حقیقت یہ ہے گھٹیا سوچوں کے حامل لوگوں کو اللہ تعالیٰ ایسی رفعتوں سے ہمکنار نہیں فرماتا۔ جو محنت کرتے اور قربانیاں دیتے ہیں‘ وہی اپنی قوم اور انسانیت کو آسمان کی رفعتوں تک لے جاتے ہیں۔ دنیا میں بھی انہی کیلئے سچی رفعت وعزت ہے۔ جو لوگ اپنے رتبے کو عوامی لوٹ کھسوٹ اور ظلم کا ذریعہ سمجھتے ہیں انہیں وقتی عزت مل بھی جائے تو وہ پائیدار نہیں ہوتی۔ آخرکار اللہ تعالیٰ ان کی اصلیت کو ظاہر کر ہی دیتے ہیں۔ میرے پاک وطن میں محمد ذیشان علی جیسے ہیرے بہت ہیں مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ سول حکمرانی میں بھی میرٹ کا راج ہو۔
راقم اُن دنوں لاہور میں تعلیم حاصل کر رہا تھا جب لاہور میں دل کے ماہر ڈاکٹرز میں سے ایک سے میں نے ان کے کلینک میں کام کرنے کی بات کی۔ انہوں نے اس کی اجازت دی اور راقم نے کچھ عرصہ لیبارٹری میں کام کیا۔ وہاں لیب میں سینٹری فیوج مشین بھی تھی جس میں خون وغیرہ کو خوردبین میں ٹیسٹ کیا جاتا تھا۔ خون ٹیوب میں ہوتا تھا اور مشین اسے خوب گھماتی تھی۔ خلانورد کو بھی ٹریننگ میں اسی طرح گھما کر خلا میں زندگی گزارنے کے قابل بنایا جاتا ہے۔ یہ اور ٹریننگ کے دیگر مرحلے بہت مشکل ہیں۔ جان جوکھوں میں ہوتی ہے۔ چین نے اپنے ملک سے باہر‘ جس خلانورد کو اپنے سٹیشن پر بھیجنے کیلئے منتخب کیا وہ پاکستانی ہے۔ ذیشان علی نے وہاں بائیو ٹیکنالوجی پر بھی ریسرچ کرنی ہے۔ سائنو بیکٹیریا نامی خوردبینی جانداروں پر ریسرچ کرنی ہے کہ ان میں خلائی ماحول میں نشوونما اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرنے کی صلاحیت کیسی ہے۔ یہ جاندار سورج کی روشنی حاصل کرکے نشوونما پاتے اور آکسیجن خارج کرتے ہیں۔ خلائی ماحول میں آکسیجن کی بحالی پر ریسرچ بھی پاک فضائیہ کے سائنسدان کی ذمہ داری میں شامل ہے۔ فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی کی طرف سے کچھ بیجوں پر ریسرچ بھی محمد ذیشان علی کے فرائض میں شامل ہے۔
محمد ذیشان علی جس سپیس سٹیشن میں یہ سارے کام کر رہے ہیں‘ اس کا نام تیانگونگ ہے۔ اس کا لفظی معنی آسمانی محل ہے۔ میں سوچوں میں پڑ گیا کہ یہاں کی زندگی تو انتہائی مشکل ہے‘ پھر اس ''قید خانے‘‘ کا نام محل کیوں رکھا گیا؟ سمجھ یہ آئی کہ خلائی سائنس میں کام کرنے والے جب اپنے ملک اور قوم کا راج فضائوں اور خلائوں میں قائم کر دیتے ہیں تو بلڈنگوں کی صورت میں ان کے ملک کے اثاثہ جات اور اہلِ وطن کی عزت و آبرو محفوظ ہو جاتی ہے۔ آج میرے پاک وطن کی سیاست موروثی سیاست کے ہاتھوں یرغمال بن چکی ہے۔ ہمیں اپنے دیس کی سیاست کو عمل‘ علم اور مشاورت کے ساتھ ساتھ معیشت کی سیاست کے ساتھ بھی نتھی کرنا ہوگا۔ مضبوط بلدیاتی ادارے قائم کرنا ہوں گے۔ نئے صوبے بنانا ہوں گے۔ ہمارا وقت تو پورا ہو رہا مگر پاک وطن کی باگ ڈور محمد ذیشان علی جیسے قابل لوگوں کے ہاتھوں میں دے کر جائیں گے تو ایسی سرمایہ کاری کرکے جائیں گے جو صدقہ جاریہ بن کر اخروی محلات میں گلستان قائم کر دے گی‘ ان شاء اللہ!
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved