پاکستان نے خلا میں قدم رکھ دیا ہے۔ کیسی خوش کن خبر ہے۔ ستاروں کے رہگزر کی طرف ایک بڑی جست۔ افلاک کے حیرت کدے میں پہلا قدم۔ دل یہ سن کر خوش تو بہت ہے لیکن نظر خلا سے بار بار اپنی زمین کی طرف لوٹتی ہے۔ فیض صاحب کی طرح‘ جنہیں محبوب کے حسن کی دلکشی اپنی طرف کھینچتی ہے مگر ان کی نگاہ کسی اور طرف پلٹ جاتی ہے۔ زمین پر بکھرے انسانی المیوں کی طرف۔ میں بھی خلا سے زمین کی طرف دیکھ رہا ہوں۔ یہاں زمین پر اقبال کھڑے ہیں۔ اپنے پیر رومی کے ساتھ افلاک کا دورہ کر کے لوٹے ہیں اور اپنا حاصلِ سفر بتا رہے ہیں:
ڈھونڈنے والا ستاروں کی گزرگاہوں کا
اپنے افکار کی دنیا میں سفر کر نہ سکا
علامہ اقبال نے دورِ حاضر کے انسان کا المیہ بیان کیا ہے۔ یہ انسان میں ہوں۔ یہ انسان آپ ہیں۔ ہم سب پاکستانی جن کی نظر ایک طرف تو ستاروں سے آگے کے جہانوں پر ہے مگر دوسری طرف پیش پا افتادہ مسائل کو نہیں دیکھ رہی۔ ہم نئے صوبے بنانا چاہتے ہیں مگر اس پر کوئی اتفاقِ رائے پیدا نہیں کر سکے۔ اور تو اور خود حکومتی حلقوں میں کوئی اتفاق نہیں۔ بظاہر سب ایک صف میں کھڑے ہیں مگر کسی کے ہاتھ بندھے ہیں اور کسی کے کھلے۔ کوئی رفعِ یدین کر رہا ہے اور کوئی ساکت ہے۔ حکومت کا سیاسی مسلک واضح نہیں۔ دوسری طرف دیکھیے تو اور ہی سماں ہے۔ مولانا فضل الرحمن صاحب کی گفتگو سنیں تو کانوں پہ اعتبار نہیں رہتا۔ ناپ تول کر بولنے والا‘ الفاظ کے انتخاب میں اتنا لاپروا کیسے ہو گیا؟ اس سوال کا جواب تلاش کریں تو ریاست کی طرف نگاہ اٹھتی اور خاموشی سے لوٹ آتی ہے۔ ریاست اور سیاسی جماعتوں میں اتنی دوری کیوں؟ اگر سب پاکستان کیلئے فکر مند ہیں تو لب و لہجے میں اتنی تلخی کیوں؟ خلا میں جانے پر اتفاق ہے تو یہ اتفاق زمین پر رہنے میں کیوں نہیں؟ اگر پاکستان ہم سب کاگھر ہے اور ہمیں اس کو سنوارنا ہے تو پھر ایک دوسرے کے الفاظ پر مورچہ جمانے سے کام نہیں چلے گا۔ لفظوں کی تلخی کو جب باہمی اعتماد کی مٹھاس سے کم کیا جا سکتا ہے تو ہمارا دھیان اس طرف کیوں نہیں جاتا؟
جنرل ضیاالحق مرحوم اور جی ایم سیدصاحب کا واقعہ یاد آیا۔ جی ایم سید کو ان کی علیحدگی پسندگی کی وجہ سے بھٹو صاحب اور دوسرے حکمرانوں نے جیل میں رکھا مگر ان کا مؤقف تبدیل نہ ہو سکا۔ وہ پاکستان توڑنے کی بات کرتے تھے۔ ریاست کیلئے یہ بات کم تکلیف دہ نہیں۔ سقوطِ ڈھاکہ کے بعد انہوں نے 'سندھو دیش‘ بنانے کا مطالبہ کیا۔ جنرل صاحب جی ایم سید سے ملنے جا پہنچے۔ پہلی ملاقات میں ان کے بیٹے کو پی آئی اے میں ملازمت کی پیشکش کی۔ وہ بیمار پڑ ے تو جنرل صاحب پھول لے کر ان کی عیادت کو ہسپتال بھی گئے۔ اس حسنِ سلوک یا سیاسی حکمتِ عملی سے سندھ میں علیحدگی پسندی کی تحریک کا دم نکل گیا۔ 1985ء کے غیرجماعتی انتخابات میں ان کا بیٹا سندھ اسمبلی کا رکن بھی بنا۔ گویا ان کا خاندان دوبارہ پاکستان سے جڑ گیا۔ جو کام ریاست کا جبر نہیں کر سکا وہ ایک حکمران کے پھولوں نے کر دکھایا۔ لیفٹیننٹ جنرل جہاں داد خان نے اپنی کتاب 'پاکستان: قیادت کا بحران‘ میں لکھا: ''اپنے سلوک کی بدولت جنرل ضیا نے اپنی حکومت کے خلاف ایک سخت ترین قوم پرست تحریک کو تقریباً بے اثر کر دیا‘‘۔
یہ پھول ہمیشہ ایک جیسا اثر رکھتے ہیں مگر اربابِ ریاست میں کم ہی گزرے ہیں جنہوں نے ان کی خوشبو کی طاقت کو سمجھا ہے۔ بالعموم جبر کو ریاست کی اصل طاقت سمجھا گیا ہے۔ کامیاب حکومت وہ ہے جو مخالفین کی تعداد کو کم کرتی اور اختلاف رکھنے والوں سے مکالمہ کرتی ہے۔ مکالمہ اور گفتگو کی ناکامی کے بعد اگر کوئی ریاست کے نظام کو طاقت سے بدلنا چاہے تو حکومت ان کے خلاف ریاستی قوت استعمال کرتی ہے۔ ہمارے ہاں مکالمہ ریاستی نصاب کا حصہ ہے نہ اہلِ سیاست کے نصاب کا۔ ریاست پہلے اطاعت کا مطالبہ کرتی ہے اور اس کے بعد بات چیت پر آمادہ ہوتی ہے۔ دوسری طرف سیاسی راہنما انقلابی لیڈروں کے اسلوب میں کلام کرتے ہیں۔ اپنے حکمرانوں کے خلاف وہ لغت استعمال کرتے ہیں جو ہمارے اکابر نے انگریزوں کے خلاف استعمال کی تھی۔ وہ اپنے حکمرانوں کو نوآبادیاتی آقاؤں پر قیاس کرتے ہیں۔
یہ صحیح ہے کہ پھول ہر جگہ کارآمد نہیں ہوتے۔ جنرل ضیا بھی سب کو پھول نہیں پیش کرتے تھے۔ جی ایم سید‘ الذوالفقا ر اور پیپلزپارٹی‘ تینوں کے خلاف ان کی حکمتِ عملی مختلف تھی۔ سیاسی جماعتوں کے خلاف ان کا ایک عمومی نقطۂ نظر تھا۔ وہ ان کا خاتمہ چاہتے تھے۔ اس کا سبب یہ تھا کہ ان کا اقتدار مارشل لاء کی پیداوار تھا جسے پاکستان کا آئین قبول نہیں کرتا تھا اور کوئی سیاسی جماعت بھی ان کی تائید نہیں کر سکتی تھی۔ پاکستان قومی اتحاد نے اگر ان کی حمایت کی تو نوے دن میں انتخابات کے وعدے پر‘ جس پر وہ قائم نہ رہ سکے۔ سیاسی جماعتوں کے بارے میں اگر ان کے دل میں نرم گوشہ موجود نہیں تھا تو اس کی وجہ یہی تھی۔ جنرل ضیا الحق مرحوم نے متبادل سیاسی قوتیں پیدا کرنے کی کوشش کی۔ نئے سیاستدان کھڑے کیے اور مسلم لیگ کی سرپرستی کی۔ علما کو فعال بنایا اور مجلس شوریٰ جیسے اداروں کے ذریعے انہیں اقتدار میں شامل کیا۔ مجھے اس وقت ان کے اسلوبِ سیاست پر غلط یا صحیح کا حکم نہیں لگانا۔ مجھے صرف یہ واضح کرنا ہے کہ کامیاب حکمرانوں کا طرزِ عمل کیا ہوتا ہے۔ جو کام پھول پیش کرنے سے ہو جائے وہ اس کیلئے طاقت استعمال نہیں کرتے اور سب مخالفین کو ایک جیسے سلوک کا مستحق نہیں سمجھتے۔
عمران خان صاحب اور مولانا فضل الرحمن کو ایک لاٹھی سے نہیں ہانکا جا سکتا۔ دونوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ تحریکِ انصاف کے خلاف ریاستی اقدام قابلِ فہم ہے کہ اس کے پس منظر میں نو مئی ہے۔ یہ طاقت سے نظام کو بدلنے کی کوشش اور ایک طرح کی بغاوت تھی۔ مولانا کی تاریخ میں ایسا کوئی واقعہ نہیں۔ وہ ہمیشہ آئین کی بات کرتے ہیں اور ریاست کے خلاف طاقت کے استعمال کو جائز نہیں سمجھتے۔ انہوں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈالا مگر انتہا پسندی کی حمایت نہیں کی۔ ان کے ساتھ مکالمہ کیا جا سکتا ہے۔ مکالمے میں باہمی مفادات کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ میری گزارش بس اتنی ہے کہ یہاں پھول کارآمد ہو سکتے ہیں۔ ان سے معاملہ کرتے وقت وہ حکمتِ عملی مناسب نہیں جو اُن لوگوں کے خلاف اختیار کی گئی ہے جنہوں نے فوج اور ریاستی شخصیات کو اپنا ہدف بنا رکھا ہے۔ کامیاب ریاست اور حکومت وہی ہے جو مخالفین کی تعداد میں اضافہ نہیں کمی کر تی ہے۔ آج جو نظام قائم ہے اس کو سب نے عملاً قبول کیا ہوا ہے۔ مولانا بھی اسی نظام سے وابستہ ہیں۔ اس لیے ان کے ساتھ مکالمہ ہونا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمن جیسے زیرک آدمی سے بھی یہ توقع ہوتی ہے کہ وہ ایسی زبان استعمال نہیں کریں گے جو اُن کے شایانِ شان نہیں یا جس سے مکالمے کا امکان باقی نہ رہے۔
بات صرف مولانا کی نہیں ہے۔ صوبوں کی تقسیم پر ایک غلغلہ برپا ہے لیکن ابھی تک یہ معاملہ کسی آئینی یا قومی فورم پر زیرِ بحث نہیں آیا۔ جو قوم ایک طرف ستاروں پر کمند ڈال رہی ہے وہ زمین کے مسائل حل کرنے میں ناکام کیوں ہے؟ دورِ حاضر کے انسان کا المیہ لکھتے وقت اقبال کی دور بین نگاہیں ہم کو تو نہیں دیکھ رہی تھیں:
جس نے سورج کی شعاعوں کو گرفتار کیا
زندگی کی شبِ تاریک سحر کر نہ سکا!
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved