تحریر : نسیم احمد باجوہ تاریخ اشاعت     28-11-2026

ایک روشن دماغ تھا نہ رہا

الطاف حسین حالی نے مرزا غالب کا کمال کا مرثیہ لکھا جس کا ایک شعر مرثیہ کی جان ہے اور وہ شعر ہے:
ایک روشن دماغ تھا نہ رہا
شہر میں اک چراغ تھا نہ رہا
مندرجہ بالا شعر کے دونوں مصرع بجا طور پر میرے پیارے مرحوم دوست حسین نقی پر صادق آتے ہیں۔ میرا اُن سے دوستانہ رشتہ آج سے67‘68 سال پہلے قائم ہوا۔ (غالباً اتنے پرانے رشتہ کا دعویٰ کوئی اور شخص نہیں کر سکتا) میں پنجاب یونیورسٹی میں ایم اے سیاسیات کا طالب علم تھا اور حسین نقی کراچی یونیورسٹی سے نکالے جانے کے بعد اسلامیہ کالج (سول لائنز) لاہور کے طالب علم بن چکے تھے۔ وہ عمر میں مجھ سے دو برس چھوٹے تھے (انہوں نے 88 برس کی عمر میں وفات پائی) لہٰذا تعلیمی مدارج میں بھی مجھ سے دو سال جونیئر تھے۔ جو ں جوں وقت گزرتا گیا دوستی کا یہ رشتہ مضبوط ہوتا گیا۔ 22 نومبر کی ایک سرد صبح کو میں جنوب مشرقی لندن میں اپنے گھر میں نیند سے جاگا اور خبروں کیلئے ٹیلی ویژن لگایا تو دیکھا (آنکھوں پر اعتبار نہ آیا تو خبروں کا دوسرا نشریہ دیکھا) کہ میرا ایک پرانادوست اپنے اہلِ خانہ سے ‘اپنے بے شمار مداحوں اور دوستوں سے اور چھ ہزار میل دور رہنے والے ہمدم دیرینہ سے ہمیشہ کیلئے جدا ہوکر جنت میں پہنچ گیا‘ جہاں عاصمہ جہانگیر‘ آئی اے رحمان‘ امین مغل اور ڈاکٹر مہدی حسن نے اُن کو اپنے بازو پھیلا کر استقبال کیا ہوگا۔
حسین نقی نے ہر آمر کے دور میں کلمۂ حق بے خوفی سے کہا اور اس کی سزا پائی۔ وہ بارہا گرفتار ہوئے اور جیلوں میں گئے مگر ان کا سر کبھی نہیں جھکا۔ ان کی ساری زندگی حق و انصاف کیلئے جدوجہد اور قربانیوں سے عبارت ہے۔ ان کی زندگی کا سب سے روشن کارنامہ (آئی اے رحمان‘ عاصمہ جہانگیر اور ڈاکٹر مہدی حسن کے ساتھ مل کر )انسانی حقوق کمیشن کو معرضِ وجود میں لانا ہے۔ بلاشبہ یہ کمیشن پاکستان میں روشنی کا سب سے بڑا مینار ہے۔ حسین نقی برسہا برس اس کمیشن کے عہدیدار رہے۔ حسین نقی کی صحافتی زندگی بھی بہت سے اخبارات اور رسالوں پر پھیلی ہوئی ہے۔ وہ پاکستان پریس انٹرنیشنل اور 'روزنامہ نیوز‘ کے لاہور آفس کی سربراہی سے لے کر مظہر علی خان کے 'ویو پوائنٹ‘ سے وابستہ رہے۔ اُن کا دوسرا شاندار کارنامہ یہ ہے کہ لکھنؤ سے آبائی تعلق کے حوالے سے نسل در نسل اُردو زبان بولنے کے باوجود انہوں نے پنجابی زبان میں ایک روزنامہ نکالا جو اہلِ پنجاب کی بے رُخی اور بے حسی کے باعث زیادہ دیر چل نہ سکا۔
حسین نقی کی زندگی حق گوئی ‘ بے باکی اور سرکاری عتاب کا شکار ہونے کا دوسرا نام تھا۔ کالم نگار کو فخر ہے کہ اُس کے دوستوں کی فہرست میں حسین نقی کا نام سرِ فہرست تھا۔ حق گوئی کے کارنامے حسین نقی پاکستان میں سرانجام دیتے تھے اور چھ ہزار میل اُن کے دوست اور مدارج کا سر فخر سے اُونچا ہو جاتا تھا۔ بدقسمتی سے زندگی کے آخری سالوں میں وہ اچھی صحت جیسی بڑی نعمت سے محروم ہو گئے مگر وفات سے ایک دن پہلے بھی وہ ایک کتاب کی رونمائی کی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ وہ دل جوپاکستان کے افتاد گانِ خاک اور محنت کشوں کیلئے محبت اور عزت کے جذبات سے موجزن تھا‘ 88 سالوں کے بعد ایک صبح دھڑکنا بند ہو گیا اور پاکستان اپنے قابلِ فخر سپوت اور محنت کش طبقہ اپنے بہترین دوست سے محروم ہو گیا۔ کالم نگار پاکستانی میڈیا کا احسان مند ہے کہ اُنہوں نے حسین نقی کی وفات کی خبر مناسب انداز میں شائع کی اور نشر کی۔ کتنا اچھا ہو کہ جب عاصمہ جہانگیر کے پسماندگان اُن کی یاد میں سالانہ کانفرنس منعقد کریں تو اُس میں آئی اے رحمان اور ڈاکٹر مہدی حسن کے ساتھ حسین نقی کو بھی یاد کیا جائے۔
نومبر کو برطانیہ کے سب سے معزز اور معتبر اخبار دی گارڈین کے صفحہ پر Obituaries شائع ہوئیں۔ ایک تھی لبرل پارٹی کے ایک رہنما نقی کی اور دوسری پاکستانی افواج کے 1993ء سے لے کر1996ء تک سپہ سالار جنرل عبدالوحید کاکڑ کی جو سید شاہ میر بلوچ نے لکھی۔ اُنہوں نے 26 اکتوبر کو وفات پائی۔ ان کا سب سے قابل تعریف کارنامہ یہ ہے کہ جب اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف اور صدر غلام اسحاق خان کے درمیان شدید کشمکش اور کشیدگی کے باعث ایک بڑا آئینی بحران پید اہوا تو مارشل لاء کے نفاذ کیلئے حالات سازگار ہونے کے باوجود جنرل کاکڑ نے فوجی مداخلت کی بجائے مذکورہ بالا فریقین کو مستعفی ہونے پر مجبور کر کے نئے انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ انتخابات میں بینظیر بھٹو کو کامیابی حاصل ہوئی۔ بینظیر بھٹو نے ہر ممکن کوشش کی کہ جنرل کاکڑ اپنی مدتِ ملازمت میں توسیع کر کے اپنے بلند عہدہ پر فائز رہیں مگر جنرل کاکڑ نے ان کی بات نہ مانی اور عزت وآبرو کے ساتھ ریٹائر ہو گئے۔ جنرل کاکڑ کا اس عہدہ پر فائز ہونا بالکل غیر متوقع تھا۔ سنیارٹی کے اعتبار سے ان کا جرنیلوں میں پانچواں نمبر تھا مگر اپنی مکمل غیر جانبداری کی وجہ سے انہیں چنا گیا۔ جنرل کاکڑ نے زندگی میں صرف ایک انٹرویو دیا اور وہ تھا صحافی ماریانا بابر کو۔ سردار عبدالرب نشتر (مسلم لیگ کے صف اوّل کے رہنما) اُن کے چچا یا ماموں تھے۔ جنرل کاکڑ ایڈورڈ کالج پشاور میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1956ء میں پاک فوج میں بطور کیڈٹ شامل ہوئے۔ انہوں نے 1965ء اور1971ء کی جنگوں میں حصہ لیا۔1995ء میں جنرل ظہیر الاسلام عباسی اور اُن کے 38 فوجی افسران ساتھیوں نے جنرل کاکڑ اور بڑے سیاسی رہنمائوں کو قتل کر کے جنرل عباسی کی امیر المومنین بنانے کی سازش کی مگر تمام سازشی پکڑے گئے اور یہ منصوبہ کامیاب نہ ہو سکا۔ ریٹائر ہو جانے کے بعد جنرل کاکڑ نے زندگی کے آخری 30 سال گوشۂ گمنامی میں خاموشی سے گزارے اور صرف اعلیٰ سطح کے عسکری مشاورتی اجلاس میں شریک ہو کر اپنی قیمتی رائے سے سامعین کومستفید کرتے رہے۔ یہی اچھی بات ہے کہ ایک فوجی جرنیل کا نام اُس کی وفات کے بعد اتنے اچھے الفاظ میں لیا گیا۔ یہ وہ سعادت ہے جو ایوب خان‘ یحییٰ خان‘ ضیا الحق یا پرویز مشرف میں سے کسی کے حصہ میں نہ آ سکی ۔
مندرجہ بالا سطور لکھی جا چکی تھیں اور کالم اپنے اختتام تک پہنچنے کے قریب تھا کہ ایک اور پرانے دوست کی وفات کی المناک خبر ملی۔مرحوم کا نام تھا محمد شریف بقا۔ انہوں نے ساٹھ کی دہائی (اس کالم نگار کی طرح) پاکستان سے برطانیہ ہجرت کی اور ساری عمر مشرقی لندن کے ایک شہرBarkingمیں گزار دیے۔ کالم نگار بھی اس شہر میں بارہ برس بقا صاحب کے پڑوس میں رہا۔ بقا صاحب نے اپنی طویل زندگی (اُنہوں نے 95برس عمر پائی) علامہ اقبال کے مطالعہ‘ تبصرہ اور تفسیر میں گزار دی۔ اُنہوں نے اقبال کی شاعری پر پچاس سے زائد کتابیں لکھیں۔ اتنی کتابیں تو ایک عام آدمی زندگی میں پڑھتا نہیں جتنی انہوں نے بڑی محنت‘ محبت اور عرق ریزی سے لکھیں۔ میرا بقا صاحب سے بے تکلفی کا رشتہ تھا۔ میں اکثر اُنہیں تنگ کرنے کیلئے مذاق میں کہتا تھا کہ آپ نے لائل پور (فیصل آباد) اور برطانیہ کے سکولوں میں پڑھایا لیکن آپ اپنے نام کے ساتھ پروفیسرلکھتے ہیں۔ یہ کیوں؟ بقا صاحب نے اس دوستانہ اعتراض کا جواب ہمیشہ ایک قہقہہ کی صورت میں دیا۔ پندرہ برس سے بقا صاحب کا ایک بیٹا دہشت گردی کے جرم میں گرفتار ہوا اور عدالت سے کئی برسوں کی سزا پائی۔ جرم یہ تھا کہ وہ پاکستان سے بہت سا مواد لے کر لندن آیا جس میں انگریزوں کے خلاف جہاد کی تلقین کی گئی تھی۔ بقا صاحب کی رفیقہ حیات اس صدمہ سے اس طرح سے نڈھال ہوئیں کہ چل بسیں۔ بقا صاحب نے زندگی کے آخری گیارہ برس بڑی تنہائی میں گزارے۔ یہ کالم حسین نقی‘ جنرل (ر) وحید کاکڑ اور شریف بقا کی مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی کی دست بستہ دعا مانگنے پر ختم کیا جاتا ہے۔

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved