جماعتِ صحابہ میں حضرت صدیقِ اکبرؓ کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی چار پشتوں کو شرفِ صحابیت سے سرفراز فرمایا: ''حضرت موسیٰ بن عقبہ بیان کرتے ہیں: ہم صرف ایک شخص کو جانتے ہیں جس کی چار نسلیں شرفِ صحابیت سے مشرف ہوئیں: ابوقحافہ عثمان (والدِ ابوبکر)‘ ابوبکرصدیق‘ عبداللہ و عبدالرحمن بن ابی بکر‘ ابوعتیق محمد بن عبدالرحمن رضی اللہ عنہم‘‘ (المعجم الکبیر للطبرانی: 11)۔ آپ کی بیٹی حضرت اسماءؓ کے بیٹے عبداللہؓ بن زبیر آپ کے نواسے بھی صحابی ہیں۔
اللہ تعالیٰ کا ارشادہے: ''اگر ہم ان پر یہ فرض کر دیتے کہ اپنے آپ کو قتل کرو یا اپنے گھروں سے نکل جائو تو اُن میں بہت کم ہوں گے جو اس پر عمل کریں گے‘‘ (النساء: 66)۔ عامر بن عبداللہ بن زبیر بیان کرتے ہیں: جب یہ آیۂ مبارکہ نازل ہوئی تو حضرت ابوبکرؓ نے عرض کی: یا رسول اللہﷺ! اللہ کی قسم! اگر آپ مجھے حکم فرمائیں کہ میں اپنے آپ کو قتل کر دوں تو میں ضرور ایسا کروں گا‘ آپﷺ نے فرمایا: ابوبکر! تم نے سچ کہا‘‘ (تفسیر ابن ابی حاتم: 5566)۔ حضرت عبداللہؓ بن قرط بیان کرتے ہیں: نبیﷺ نے فرمایا: ''اللہ تبارک وتعالیٰ کے نزدیک سب سے بڑا دن ''یوم النّحر‘‘ ہے پھر ''دوسرا دن‘‘۔ راوی بیان کرتے ہیں: (قربانی کے موقع پر) پانچ یا چھ اونٹنیاں رسول اللہﷺ کے قریب آئیں اور وہ آپ کے قریب ہونے لگیں تاکہ آپﷺ جس کے گلے پر چاہیں چھری پھیر دیں‘‘ (ابودائود: 1765)۔ امیر خسرو نے اس روایت کو نہایت حسین انداز میںمنظوم کیا ہے:
ہمہ آہوانِ صحرا سرِ خود نہادہ بر کف؍ بہ امید آنکہ روزے بشکار خواہی آمد
مفہومی ترجمہ: صحرا کے سارے ہرن اس امید پر اپنا سر اپنی ہتھیلی پر رکھ کر تیار بیٹھے ہیں کہ شاید کسی دن آپﷺ ان کے شکار کیلئے تشریف لائیں اور وہ آپ کا شکار بننے کی سعادت حاصل کریں۔
حضرت صدیق اکبرؓ کی امتیازی خصوصیات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ رسول اللہﷺ کی حیاتِ ظاہری میں آپ نے امامت فرمائی۔ حدیث پاک میں ہے آپﷺ نے فرمایا: ''جس قوم میں ابوبکر موجود ہوں کسی اور کیلئے سزاوار نہیں کہ وہ امامت کرے‘‘ (ترمذی: 3670)۔ اسی طرح خلیفۂ اول بلافصل ہونے‘ مانعینِ زکوٰۃ اور منکرینِ ختم نبوت کے خلاف عَلمِ جہاد بلند کرنے اور جمعِ قرآن کا اعزاز حاصل کرنے میں بھی آپ افضل الصحابہ ہیں۔ قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ نے حضرت ابوبکر صدیقؓ کو رسول اللہﷺ کی ذات کے ساتھ جوڑ کر ''اِثْنَیْن‘‘ سے تعبیر فرمایا اور سورۂ توبہ آیت: 40 میں غارِ ثور کے منظر کو ان کلماتِ طیبات میں بیان فرمایا: ''دو میں سے دوسرا جبکہ وہ دونوں غار میں تھے‘ جب وہ اپنے صاحب سے فرما رہے تھے: غم نہ کرو‘ بیشک اللہ ہمارے ساتھ ہے‘ پس اللہ نے اُن پر قلبی طمانیت نازل فرمائی اور ایسے لشکروں سے اُن کی مدد فرمائی جن کو تم نے دیکھا نہیں ہے اور کافروں کے کلمہ کو نیچا رکھا اور اللہ ہی کا کلمہ بلند ہے‘‘۔ اس آیت میں قرآنِ مجید کا کمالِ اعجاز ہے کہ نبی کریمﷺ اور حضرت ابوبکرؓ کا ذکر ایک ساتھ فرمایا اور یہ ذکرِ مبارک اللہ تعالیٰ کو اس قدر پسند ہے کہ ایک ہی آیت میں دونوں کا مختلف انداز میں متعدد بار ذکر فرمایا۔ اس کی تفصیل یہ ہے: تین مقامات دونوں کا ذکر ایک ہی کلمے میں ہے اور وہ ہیں: (1) 'اِثْنَیْن‘ (2) ضمیرِ تثنیہ 'ھُمَا‘ (3) 'مَعَنَا‘ میں ضمیر جمع متکلم۔ سات مقامات پر رسول اللہﷺ کا ذکر جدا ہے: (1) 'اِلَّا تَنْصُرُوْہٗ‘ (2) 'نَصَرَہٗ‘ (3) 'اَخْرَجَہٗ‘ (4) 'ثَانِیْ‘ (5) 'یَقُولُ‘ (6) 'لِصَاحِبِہٖ‘ میں 'ہ‘ ضمیر (7) 'اَیَّدَہٗ‘ ان چار مقامات پر ضمیر متصل 'ہٗ‘ میں آپﷺ کا ذکر ہے اور مجموعی طور پر رسول اللہﷺ کا ذکر دس بار ایک ہی مقام پر آیا ہے۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ کا ذکر تین بار الگ آیا ہے: (1) 'لِصَاحِبِہٖ‘میں صاحب سے مراد ابوبکر صدیقؓ ہیں‘ (2) 'لَا تَحْزَن‘ ضمیرِ مستتر اَنْتَ سے مراد ابوبکر صدیقؓ ہیں‘ (3) 'فَاَنْزَلَ اللّٰہُ سَکِیْنَتَہٗ عَلَیْہِ‘ میں ہ ضمیر سے مراد حضرت ابوبکر صدیقؓ ہیں‘ اس طرح ایک ہی مقام پر حضرت ابوبکرؓ کا ذکر چھ مرتبہ آیا ہے اور مالک بن دینار کا قول ہے: 'مَنْ أَحَبَّ شَیْئًا أَکْثَرَ ذِکْرَہُ‘ ترجمہ: 'جسے کسی چیز سے محبت ہو وہ اُس کا اکثر ذکر کرتا ہے‘ (شعب الایمان: 499)۔ تو اللہ تبارک وتعالیٰ کا ایک ہی آیۂ مبارکہ میں اتنی کثرت سے اپنے حبیبِ مکرمﷺ اور حضرت ابوبکر صدیقؓ کا ذکر فرمانا بارگاہِ اُلوہیت میں اُن کی محبوبیت کی دلیل ہے۔ ''ثانی اثنین‘‘ کا مظہر رسول اللہﷺ کی تئیس سالہ نبوی زندگی میں قدم قدم پر ہمیں نظر آئے گا۔ آپؓ ایمان اور دعوت وتبلیغِ دین میں بھی ''ثانی اثنین‘‘ ہیں۔ اسلام کے ابتدائی دور میں آپؓ ہی کی دعوت وترغیب سے اسلام کے تابندہ ستارے حضرت عثمان بن عفان‘ عثمان بن مظعون‘ طلحہ بن عبیداللہ‘ زبیر بن عوام‘ عبدالرحمن بن عوف اور سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہم مشرّف بہ اسلام ہوئے۔ ان میں سے پانچ حضرات عَشرۂ مبشّرہ میں سے ہیں۔ اسی طرح رسول اللہﷺ جب مرضِ وفات میں مبتلا ہوئے تو آپﷺ نے حضرت ابوبکرصدیقؓ کو مصلّیٰ امامت پر اپنا جانشین بنایا اور آپؓ نے رسول اللہﷺ کی حیاتِ ظاہری میں سترہ نمازوں کی امامت فرمائی۔ جب حضرت ابوبکرؓ کی بیعت کی گئی توحضرت علیؓ اور اُن کے ساتھیوں نے بیعت کی۔ اُس موقع پر حضرت ابوبکرؓ تین مرتبہ کھڑے ہوکر لوگوں کی جانب متوجہ ہوئے اور فرمایا: لوگو! میں نے تمہاری بیعت کو لوٹا دیا ہے‘ مبادا تم میں سے کوئی اس بات کو ناپسند کرے۔ ابو جحّاف بیان کرتے ہیں: پھر حضرت علیؓ کھڑے ہوئے اور فرمایا: اللہ کی قسم! ہم آپ کی بیعت کو واپس نہیں لیں گے اور نہ کبھی اس کا مطالبہ کریں گے‘ آپ کو رسول اللہﷺ نے نماز میں ہمارا امام بنایا تو کون ہے جو آپ کو (خلافت میں) پیچھے رکھے۔ (فضائل الصحابہ لامام احمد بن حنبل: 101) شیخ عبدالحق محدث دہلوی نے ''لمعات‘‘ میں اسی کے ہم معنی روایت لکھی ہے۔
سفرِ ہجرت میں ابوبکر صدیقؓ کی رسول اللہﷺ کے ساتھ رفاقت اور غارِ ثور میں بلاشرکتِ غیرے معیّتِ مصطفی ایسا شرفِ عظیم ہے کہ اسکے مصداق میں اہلِ سنت اور اہلِ تشیُّع کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ یہی معیّت ورفاقت آج روضۂ انور میں بھی ہے اور حشر میں بھی ہو گی اور یقینا جنت میں بھی ہو گی۔ امام رازی نے لکھا ہے: اللہ تعالیٰ نے النسآء: 69 میں انعام یافتہ طبقات کا ذکر فرمایا اور اُس میں مقامِ نبوت کے بعد مقامِ صدیقیت کو بلافصل بیان کر کے بتا دیا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک نبوت کے بعد یہ اعلیٰ ترین منصب ہے۔ اسی طرح آپﷺ کے بعد حضرت ابوبکر صدیقؓ کی خلافت بھی بلافصل ہے۔حضرت ابوبکر صدیقؓ کی ذات پر سید المرسلینﷺ کے غیر معمولی اعتماد کا ثبوت یہ ہے کہ آپﷺ نے نہ صرف انہیں بلکہ اُن کے پورے گھرانے کو ہجرت کی تیاری اور سفرِ ہجرت کے موقع پر امین بنایا۔ اس میں اُن کی بیوی‘ صاحبزادی‘ فرزند اور غلام‘ الغرض سب شامل تھے۔ یہ حضرت ابوبکر صدیقؓ کی استقامت ہی تھی کہ خاتم النبیینﷺ کے وصالِ مبارک کے بعد انتہائی نازک دور میں امورِ خلافت کو سنبھالا اور اُسے منہاجِ نبوت پر اُستوار کیا۔ آپؓ ہی نے یہ شعار قائم کیا کہ حالات کیسے ہی پُرخطر کیوں نہ ہوں‘ اطاعت واتّباعِ مصطفی سے انحراف نہیں کیا جائے گا اور ''مقامِ اُبْنیٰ‘‘ کی طرف ''جیشِ اُسامہ‘‘ کی روانگی اس کی روشن مثال ہے۔ آپؓ نے یہ شعاربھی قائم کیا کہ حالات کتنے ہی ناسازگار ہوں‘ اصولوں پر کوئی مفاہمت نہیں ہو سکتی۔ منکرینِ زکوٰۃ اور منکرینِ ختمِ نبوت کی سرکوبی اس کی واضح مثال ہے۔ آپؓ نے اپنے اوّلین خطبۂ خلافت میں اپنا منشور بیان کرتے ہوئے یہ اصول وضع کیا کہ ہر تنقید سے بالاتر اور معصوم عن الخطا صرف ذاتِ رسالت مآبﷺ ہے‘ آپ کے بعد ہر صاحبِ اقتدار واختیار کو قرآن وسنت کے معیار پر پرکھا جائے گا اور اسی پیمانے پر اُس سے اتفاق یا اختلاف کیا جا سکے گا۔ نبوت کے علاوہ کوئی بڑے سے بڑا صاحبِ منصب اپنی ذات میں علی الاطلاق قطعی حجت نہیں ہے؛ البتہ یہ بات مسلّم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوبین کو خطا میں مبتلا ہونے سے محفوظ رکھا ہے۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved