میرا خیال تھا کہ حامد میر کے حسینہ واجد کی بنگلہ دیش واپسی سے متعلق سوال پر شاید بنگلہ دیشی وفد کچھ سوچ میں پڑ جائے گا لیکن لگتا تھا کہ وہ پہلے سے تیار تھے لہٰذا انہوں نے سیدھا اور کھرا جواب دیا کہ اس معاملے میں ان کے ہاں کوئی کنفیوژن نہیں۔ حسینہ واجد کو عدالت سزائے موت دے چکی ہے‘اور ہم تو پہلے ہی بھارتی حکومت سے بارہا ان کی حوالگی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ بتانے لگے کہ ابھی سے بنگلہ دیش میں اس حوالے سے بے چینی جیسی صورتحال ہے‘ اگر وہ واپس آتی ہیں تو قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی ہوگی اور انہیں واپسی پر فوراً گرفتار کر لیا جائے گا۔اس پر بھی بات ہوئی کہ اس میں یقینی طور پر بھارتی حکومت کی باقاعدہ منصوبہ بندی ہوگی کہ وہ 16دسمبریعنی سقوطِ ڈھاکہ کے روز بنگلہ دیش واپس جائیں‘ جس کا سہرا عوامی لیگ اپنے سر پر سجاتی رہی ہے۔ اس دن یقینا حسینہ واجد گرفتار ہوں گی تو عوامی لیگ کے حامیوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوسکتا ہے اور وہ دو سال بعد اپنے پاؤں جمانے میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔ اگر وہ طویل عرصے تک بنگلہ دیش سے دور رہیں گی تو وقت کے ساتھ ان کی پارٹی کے رہنما اور کارکن مایوس ہوں گے۔ لیکن وفد کے ارکان اس بات پر بڑے واضح تھے کہ حسینہ واجد کو واپسی پر گرفتار کرکے سزا پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔ اب یہ نہیں پتا کہ ان کا ٹرائل دوبارہ شروع ہوگا کیونکہ عموماً کسی کی عدم موجودگی میں چلائے گئے ٹرائل اور سنائی گئی سزا کی وہ قانونی اور اخلاقی حیثیت نہیں ہوتی جو ملزم کی عدالت میں اپنے وکیل کے ساتھ اپنا دفاع کرنے کی صورت میں ہوتی ہے۔ لیکن یہ بات بھی نظر آرہی تھی کہ بنگلہ دیشی عوام‘ خصوصاً نوجوان نسل کا غصہ ابھی باقی ہے اور حسینہ واجد کے بعد جس طرح بنگلہ دیش اور پاکستان قریب آئے ہیں‘ وہ اس کی مثال ہے۔ سپیکر حافظ الدین بتانے لگے کہ پچھلے دنوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا میچ تھا تو اس میں بنگالی تماشائیوں نے کھل کر پاکستان کو سپورٹ کیا۔ اگرچہ پاکستانی ٹیم وہ میچ ہار گئی لیکن بنگالی تماشائی مسلسل پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے اور بہت جوش میں تھے۔یہ سب کچھ سُن کر عجیب سا لگتا ہے لیکن وقت کے ساتھ کتنا کچھ دھل جاتا ہے۔ زخم اور درد کچھ کم ہوجاتے ہیں۔ اس وفد کی باتوں سے لگ رہا تھا کہ وہ اپنے ہی گھر آئے ہیں اور اپنے ہی رشتہ داروں سے گفتگو کر رہے ہیں۔ یقینا دونوں بہت درد اور تکلیف سے گزرے ہیں۔
اس جمعہ کے روز طاہر خوشنود‘ ناصر جمال اور راجہ قیوم لنچ پر بنگلہ دیشی وفد سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے پوچھ رہے تھے تو میں نے کہا کہ بعض جرأت مندانہ فیصلوں میں تاخیر سے بھاری نقصان ہوتے ہیں۔ میں نے کسی کتاب میں پڑھا تھا کہ بنگالی اس تاثر میں تھے کہ قراردادِ پاکستان میں دو الگ ریاستوں کا ذکر ہوگا کیونکہ بنگال بہت دور تھا‘ جس کی سرحدیں بھی مغربی پاکستان سے نہیں ملتیں تھیں۔ درمیان میں ایک ہزار میل تک بھارت تھا‘ لیکن آخری مرحلے پر سوچا گیا کہ ابھی قرارداد میں ایک ملک کی بات کریں تاکہ معاملہ مشکلات کا شکار نہ ہو۔ بعد میں دیکھ لیں گے کہ کیا کرنا ہے۔ پھر جب پاکستان بن گیا تھا تو ایک حل یہ بھی نکل سکتا تھا کہ دونوں حصوں میں ایک کنفیڈریشن بنائی جاتی۔ آزاد کشمیر کی طرز پر وہاں بھی الگ اسمبلی اور وزیراعظم ہوتا جبکہ مغربی پاکستان چار محکمے ڈیل کرتا۔ بعد میں شیخ مجیب کے چھ نکات کی بنیاد بھی یہی تھی۔ لیکن وہی بات کہ بعض باتیں بہت دیر سے سمجھ آتی ہیں۔ انگریزی کا ایک خوبصورت قول ہے Its easy to be wiser after the event‘ کیونکہ اس وقت واقعہ کے تمام نتائج ہمارے سامنے ہوتے ہیں اور ہم کوئی ایک سائیڈ لینے کی پوزیشن میں ہوتے ہیں‘ لیکن اصل لیڈر وہی ہوتے ہیں جو وقت سے پہلے حالات کو پڑھنے اور ان کے مطابق فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگرچہ ایک دن وہ فیصلہ بھی ہوا لیکن وہ اتنا دردناک تھا کہ اس ٹراما سے نہ پاکستانی قوم آج تک نکل سکی اور نہ ہی بنگالی اس ٹراما سے نمٹ سکے۔ آج بھی انہیں جب جب موقع ملتا ہے وہ ہماری طرف آتے ہیں اور ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہیں۔ کچھ گلے شکوے کرتے ہیں‘ کچھ آنکھوں میں آنسو ہوتے ہیں اور یہی کچھ مجھے وہاں بھی نظر آیا۔
بنگلہ دیش کی چند نسلوں نے پاکستان سے محبت کی بہت قیمت بھی چکائی ہے جیسے اس وفد میں شامل دو ارکانِ پارلیمنٹ کے والد کو پھانسی دی گئی تھی۔ وجہ وہی تھی کہ حسینہ واجد نے اس بات کا انتقام لیا تھا کہ تم نے 1971ء میں پاکستان کا ساتھ دیا تھا۔ خصوصاً فضل قادر چوہدری کے پوتے ہمام چوہدری کی جذباتی کیفیت دیکھنے کے لائق تھی کہ ان کے دادا جنرل ایوب خان کے دور میں پاکستان کی پارلیمنٹ کے تین سال تک سپیکر رہے تھے۔ ہمام چوہدری کے خاندان نے بڑی قربانی دی‘ جب ان کے والد صلاح الدین چوہدری کو حسینہ واجد نے انتقام کا نشانہ بنایا اور کینگرو کورٹس کے ذریعے پھانسی دلوائی۔ مجھے ہمام چوہدری اور بینظیر بھٹو میں سیاسی مشابہت محسوس ہوئی کہ دونوں کے والد کو پھانسی دی گئی اور ان کے بچوں نے سیاست جوائن کی۔ بعض دفعہ حالات و واقعات انسان کو کہاں سے کہاں لے آتے ہیں۔ ہوسکتا ہے آپ کو میرا یہ جملہ بہت بے رحمانہ یا بے حسی کی علامت لگے لیکن تقدیر کی اپنی سکیم آف تھنگز ہوتی ہے۔ بینظیر بھٹو جب اپنے والد سے آخری ملاقات کرنے گئیں تو کب سوچا ہوگا کہ تقدیر میرے والد کو میرے راستے سے ہٹا رہی ہے تاکہ میں ایک دن وزیراعظم بن سکوں۔ یا پھر ہمام چوہدری بھی اس تکلیف سے گزرے‘ جب پوری فیملی صلاح الدین چوہدری سے آخری ملاقات کیلئے جیل گئی تھی۔ میں سوچ کر ہی اکثر لرز جاتا ہوں کہ بھلا کس حوصلے اور جذبات کے ساتھ باپ آخری دفعہ اپنے بچوں سے ملتا ہوگا اور کیا کیا باتیں ہوتی ہوں گی۔ ہوسکتا ہے بہت ساروں کو پھر میرا جملہ برا لگے گا لیکن اس صورتحال پر ان ملکوں پر رشک آتا ہے جنہوں نے سزائے موت ختم کر رکھی ہے اور پچیس سال قید بامشقت کی سزا دے کر خاندانوں کو اس ازلی تکلیف اور دکھ سے بچایا ہے۔
بنگالی وفد اس بات پر بھی بہت خوش تھا کہ پاکستانی دفترِ خارجہ نے چند عالمی فورمز کی صدارت کے انتخابات میں ان کی خاتون امیدوار کو سپورٹ کیا جس سے وہ منتخب ہوگئیں۔ وہ بھی اس وفد میں شریک تھیں اور جب اس بات کا ذکر وہاں ہوا تو ان کی آنکھوں کی چمک بتا رہی تھی کہ ان اقدامات کا بنگلہ دیش پر کیا اثر ہوا تھا۔ حسینہ واجد نے بنگلہ دیش کو زیادہ تکلیف میں ڈالا‘ جب انہوں نے ماضی میں جو کچھ ٹھیک ہوا یا غلط‘ اس کا انتقام لینا شروع کیا اور دھڑا دھڑ پھانسیاں لگانے لگیں۔ خدا کا انصاف دیکھیں کہ جو انتقام وہ دوسروں سے لے رہی تھیں آخرکار اسی انتقام کا وہ خود شکار ہوئیں اور آج وہ خود بھی پھانسی کی سزا پا چکی ہیں۔ انسان طاقت کے عروج پر خدا کو بھول جاتا ہے اور اسے لگتا ہے کہ وہ خود ہی بھگوان ہے اور اس پر کبھی زوال نہیں آئے گا۔ جدید انسانی تاریخ میں صرف نیلسن منڈیلا ہی ایک بڑا انسان نکلا جس نے اپنے اوپر ہونے والے مظالم کا بدلہ لینے کے بجائے اپنی قوم کا بھلا سوچا اور جنوبی افریقہ کو ایک نیا مستقبل دیا۔ سب نیلسن منڈیلا کو اپنا ہیرو اور رول ماڈل تو مانتے ہیں لیکن منڈیلا جیسا حوصلہ دکھانا آسان نہیں ہے۔ حسینہ واجد کی پھانسی کا سُن کر مجھے یہ کہاوت یاد آئی : Those who live by the gun die by the gun۔ دوسروں کو پھانسیاں لگاتے لگاتے حسینہ واجد خود پھانسی کے پھندے تک جا پہنچیں۔ کیا کریں‘ ہم انسان کب بھلا ایک دوسرے کے المناک انجام سے سیکھتے ہیں کہ خدا طاقت دے کر آزماتا ہے اور جو اس امتحان میں ناکام رہتے ہیں تو ایک دن ان کے پاؤں کے نیچے سے جلاد لیور کھینچ لیتا ہے۔ لیو ٹالسٹائی کی ایک مشہور کہانی یاد آئی: خدا دیر تو کر سکتا ہے لیکن انصاف کرنا کبھی نہیں بھولتا۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved