ہم تاریخ کے ایک غیرمعمولی اور فیصلہ کن دوراہے پر کھڑے ہیں۔ 28فروری 2026ء کو شروع ہونے والی امریکہ‘ اسرائیل اور ایران کی جنگ اگرچہ بنیادی طور پر خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے جغرافیائی خطے میں لڑی جا رہی ہے تاہم اس کے اثرات مشرقِ وسطیٰ کی سرحدوں سے نکل کر واشنگٹن‘ تل ابیب‘ ریاض‘ بیجنگ اور اسلام آباد تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔ اس جنگ کو سمجھنے کیلئے تین بنیادی سوالات اہم ہیں۔ اوّل‘ کیا امریکہ اور اسرائیل اپنی غیرمعمولی عسکری برتری کے باوجود ایران میں مذموم مقاصد کے حصول میں ناکام رہے۔ دوم‘ کیا اس جنگ نے جدید دور میں روایتی فوجی طاقت اور جدید غیرمتناسب جنگی حکمتِ عملی کے درمیان موجود فرق کو نمایاں کر دیا ہے؟ سوم‘ کیا یہ تصادم مذاکرات اور کسی نئے علاقائی معاہدے پر منتج ہوگا یا ایک ایسے المیے کی بنیاد بنے گا جس کے اثرات عالمی معیشت اور بین الاقوامی سلامتی تک پھیل جائیں گے؟ ان تمام سوالات کے تناظر میں پاکستان کا کردار بھی غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ تاہم آج کے مشرقِ وسطیٰ کی سیاسی اور تزویراتی پیچیدگیوں کو سمجھنے کیلئے گزشتہ ایک صدی کی تاریخ کا مطالعہ ناگزیر ہے۔ پہلی جنگِ عظیم (1914ء تا 1918ء) کے نتیجے میں سلطنتِ عثمانیہ کے حصے بخرے کرنا‘ آسٹرو ہنگیرین اور روسی سلطنتوں کا زوال‘ 1917ء کا بالشویک انقلاب اور 1922ء میں سوویت یونین کا قیام عالمی سیاست میں ایک نئے عہد کا آغاز تھے۔ 1923ء میں جمہوریہ ترکیہ کے قیام اور مشرقِ وسطیٰ میں بیرونی طاقتوں نے اپنے مفادات کے تحت ازسرنو جغرافیائی و سیاسی نقشے کی تشکیل کی۔ دوسری جنگِ عظیم کے بعد برطانوی اور فرانسیسی نوآبادیاتی طاقتوں کا زوال شروع ہوا‘ ایشیا اور افریقہ میں آزادی کی تحریکیں کامیاب ہوئیں اور اقوام متحدہ کا قیام عمل میں آیا۔ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کو ویٹو کا اختیار دیا گیا۔ بعد ازاں کولڈ وار کا دور 1940ء سے 1991ء میں دنیا امریکی اور سوویت بلاکس میں تقسیم ہو گئی۔ عالمی طاقتوں نے ترقی پذیر ملکوں کو اپنی پراکسی مقابلوں کا میدان بنا دیا۔ عرب اسرائیل جنگیں‘ فلسطین تنازع‘ پاک بھارت جنگ‘ کوریا جنگ اور ویتنام میں امریکی مداخلت‘ 1979ء کا ایرانی انقلاب اور اسی سال افغانستان میں سوویت یونین کی چڑھائی نے عالمی سیاست کی سمت متعین کر دی۔ 1991ء میں سوویت یونین کے انہدام کے بعد یک قطبی عالمی نظام میں واشنگٹن نے خود کو بین الاقوامی سلامتی اور نئے عالمی نظم کا ضامن تصور کیا۔ نیٹو کی مشرقی یورپ کی جانب توسیع جس کا نتیجہ آج یوکرین جنگ کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ اس نئے ورلڈ آرڈر میں 1992ء میں امریکہ‘ اسرائیل اور بھارت کا اتحادِ ثلاثہ قائم ہوا جس کے عزائم اگلے سو برس تک امریکی بالا دستی‘ گریٹر اسرائیل اور اکھنڈ بھارت کا قیام تھے۔ 11ستمبر 2001ء کے بعد تزویراتی منظر نامہ تبدیل ہو گیا‘ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے نام نہاد انسدادِ دہشت گردی جنگ کے نام پر افغانستان‘ عراق‘ لیبیا اور یمن پر قبضہ کر لیا۔ افغانستان میں دو دہائیوں کی طویل جنگ کے بعد اگست 2021ء میں امریکہ کو ناکام بھاگنا پڑا۔ اس امریکی شکست کے اثرات پاکستان میں 2022ء میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آئے۔ امریکہ نے اپنا اسلحہ افغانستان میں کس کیلئے چھوڑا؟ اس وقت بھارت‘ اسرائیل‘ افغان طالبان‘ ٹی ٹی پی‘ بی ایل اے گٹھ جوڑ پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی میں ملوث ہے۔ امریکی فوجی مداخلتوں‘ کارروائیوں کا سب سے زیادہ شکار مسلم ممالک ہوئے اور ہنوز یہ ممالک فرقہ وارانہ اور نسلی تنازعات کی لپیٹ میں ہیں۔ تاہم اب جدید جنگ میں ریاستی فوجیں واحد فیصلہ کن قوت نہیں رہیں۔ غیرریاستی عناصر‘ پراکسی گروپس‘ اقتصادی پابندیاں‘ سمندری ناکہ بندیاں‘ سائبر حملے‘ ڈرون ٹیکنالوجی اور انفورمیٹو وار اہم ہتھیار بن چکے ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے 28فروری کو ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ کے پس منظر میں 2020ء کے ابراہیم معاہدے اور 2023ء کے بعد فلسطین‘ لبنان اور شام میں پیدا ہونے والی صورتحال کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ واقعات مشرقِ وسطیٰ کے سلامتی کے ڈھانچے اور علاقائی طاقتوں کے باہمی تعلقات میں بنیادی تبدیلیوں کا سبب بنے۔ اصل سوال یہ ہے کہ اس جنگ کے اعلانیہ اور پوشیدہ اہداف کیا تھے؟ ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام کو محدود کرنا‘ علاقائی تزویراتی صلاحیتوں کو کمزور کرنا‘ اس کے اتحادی نیٹ ورکس کو توڑنا اور ایرانی رجیم چینج اہداف میں شامل ہیں۔ اس کے ساتھ خلیجی ریاستوں کو بھی ایک وسیع تر علاقائی تصادم میں شامل ہونے کے خدشات موجود تھے کیونکہ ایران گریٹر اسرائیل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد امریکہ اور اسرائیل کو یقین تھا کہ برسوں اقتصادی پابندیوں‘ داخلی سیاسی دباؤ اور عسکری حملوں کے نتیجے میں ایران ٹوٹ جائے گا؟ اہم فوجی تنصیبات کی زیرِ زمین تعمیر‘ میزائلوں اور ڈرونز کی مقامی تیاری‘ مستحکم عسکری ڈھانچہ اور کم لاگت والے جنگی آلات نے ایران کو ایک ایسا دفاعی ماڈل فراہم کیا ہے جسے روایتی عسکری برتری کے ذریعے مکمل طور پر غیرمؤثر بنانا آسان نہیں۔ اور ایران نے نام نہاد سپر پاور کی روایتی فوجی برتری کے بت کو پاش پاش کر دیا ہے کہ جدید جنگ میں مہنگے ہتھیاروں کی موجودگی لازماً فیصلہ کن برتری کی ضمانت نہیں ہوتی۔ اسے عسکری اصطلاح میں Asymmetric Strategyکہا جاتا ہے۔ موجودہ تناظر میں دیگر خلیجی ریاستوں نے بھی جان لیا کہ امریکی سکیورٹی کی چھتری تلے وہ محفوظ نہیں۔ روس اور چین کو کسی براہِ راست فوجی مداخلت کے بغیر ہی سٹرٹیجک اور اقتصادی فوائد حاصل ہوئے کیونکہ امریکہ کے وسائل اور توجہ ایسی جنگ پر مرکوز ہیں جس سے اس کی عالمی ترجیحات متاثر ہوئیں۔
ایران کی جغرافیائی پوزیشن اس جنگ میں اس کا ایک اہم تزویراتی اثاثہ ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا پانچواں راستہ ہے۔ ایران کی جانب سے اس گزرگاہ کو دباؤ کے ایک ممکنہ ذریعے کے طور پر استعمال کرنے کی صلاحیت نے جنگ کو محض عسکری تصادم کے بجائے عالمی اقتصادی بحران کا خطرہ بھی بنا دیا۔ اس کے ساتھ باب المندب کی اہمیت بھی بڑھ جاتی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے حالیہ انتخابی نتائج پر بھی ایران جنگ کے گہرے اثرت مر تب ہوئے۔ صدر ٹرمپ نے انتخابی نتائج کی وجہ ایران جنگ کو قرار دیا۔ سوال یہ ہے کہ کیا کمزور ہوتی سیاسی پوزیشن کا حامل رہنما تحمل کا مظاہرہ کرے گا؟ یا یہ Lame duck صدر اس تلافی کیلئے مزید فوجی تصادم کا راستہ اپنائے گا؟ ادھر نیتن یاہو کی جانب سے بھی وسیع تر فوجی کارروائی کیلئے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔ اس جنگ کا سب سے تشویشناک پہلو جوہری ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال سے متعلق بحث ہے۔ میرے نزدیک جوہری آپشن کسی بھی فریق کے لیے تزویراتی حل نہیں بلکہ ایک ایسا خطرناک راستہ ہے جس کے نتائج پر کسی کا مکمل اختیار نہیں ہو گا۔ اس تمام صورتحال میں پاکستان کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اسلام آباد معاہدہ امریکہ ایران تنازع کو ایک بڑی سفارتی کامیابی میں بدلنے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔ لہٰذا میں اپنے کالم کو سمیٹتے ہوئے چند بنیادی نکات آپ کے سامنے رکھنا چاہوں گا۔ امریکہ اور اسرائیل نے اس جنگ کا آغاز اس توقع کے ساتھ کیا تھا کہ ان کی غیرمعمولی عسکری قوت ایران کو ہتھیار ڈالنے یا پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور کر دے گی۔ ایران نے اپنی جوابی کارروائی کی صلاحیت برقرار رکھی اور اپنے مخالفین کیلئے جنگ کو انتہائی مہنگا بنا دیا۔ اس جنگ نے عسکری طاقت کی حدود واضح کر دیں جبکہ واشنگٹن اور تل ابیب میں انتخابی نتائج نے سیاسی حدود بھی نمایاں کر دیں ہیں۔ ایران جنگ نے ایک بنیادی حقیقت کو آشکار کیا ہے کہ اکیسویں صدی میں فوجی طاقت کے پیمانے تبدیل ہو چکے ہیں‘ لہٰذا اب بھی وقت ہے کہ درست فیصلہ کیا جائے۔
Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved