کسی بھی طبقاتی سماج میں تاریخ ہمیشہ حکمران طبقات مرتب کرتے ہیں،ریاستی مورخین اورسرکاری دانش ورتاریخی واقعات کوبالادست طبقات کے نظریات اور مفادات سے مطابقت رکھنے والے زاویوں سے پیش کرتے ہیں۔ جہاں بات نہ بن پائے وہاں''نظریہ سازش‘‘کااستعمال کیا جاتا ہے۔ اسی دانشورانہ غیردیانتداری کو''تاریخ کا قتل ‘‘کہاجاتا ہے۔
ہمیں جوتاریخ پڑھائی جاتی ہے وہ زیادہ تر حکمرانوں، شہزادوں اور شہزادیوں کے قصے کہانیوں پر مشتمل ہوتی ہے۔ لیکن تاریخ جہاں جھوٹ بولنے والوں سے خود انتقام لیتی ہے وہاں محنت کش عوام کے انقلابی ریلے نہ صرف اپنے سفر کے سنگ راہ خود تراشتے ہیں بلکہ ایسے مورخین کو بھی جنم دیتے ہیں جو حکمرانوں کے فریب، دھوکے اور تاریخ کو مسخ کرنے کی واردات کو ناکام و نامراد کردیتے ہیں۔
انسانی تاریخ میں ایسے غیرمعمولی ادوار آتے ہیں جب طویل وقفوں کے بعدمحکوم اور کچلے ہوئے انسان اپنی تقدیر خود تخلیق کرتے ہیں۔1967ء سے 1974ء تک کا عہد ایسے ہی تاریخی کردار کا حامل تھا۔ عالمی سطح پر ایک کے بعد دوسرے ملک میں محنت کش عوام اور نوجوانوں کی بغاوتیں برپا ہو رہی تھیں۔جنوبی ایشیا میں بھی سامراجیوںاورمقامی حکمرانوں کے ایوانوں کو ہلا دینے والی انقلابی تحریکیں برپا ہوئیں۔ مشرقی پاکستان کی علیحدگی اور سقوط ڈھاکہ کے بارے میں ہمیں عام طور پردو قسم کی توجیہات ملتی ہیں۔ پاکستانی ریاست کے سرکاری نقطہ نظر کے مطابق مشرقی پاکستان میں ابھرنے والی عوامی بغاوت ایک ''بین الاقوامی سازش‘‘ کا نتیجہ تھی اوربھارت کی پشت پناہی سے ''غدار بنگالیوں‘‘نے علیحدگی اختیار کر لی۔دوسری
طرف بعض لبرل مورخین کے مطابق یہ تحریک مشرقی پاکستان میں قومی محرومی کے احساس سے مملو مغربی پاکستانی اشرافیہ کے خلاف ردعمل کا نتیجہ تھی۔یہ موقف ہندوستان اور بنگلہ دیش کے حکمران طبقات کے نقطہ نظر سے ملتا جلتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ اس دور میں برپا ہونے والے طوفانی واقعات نہ صرف پاکستان بلکہ ہندوستان اور بنگال کے بالادست طبقات کی مراعات،حاکمیت اورجبرواستحصال کے لیے ایک چیلنج اورخطرہ بن گئے تھے۔عوامی بغاوت کے اس سیلاب نے پورے برصغیر میں سرمایہ دارانہ نظام کو لرزا دیا تھا۔ برصغیر کے تمام ممالک کی سرکاری تاریخ کے برعکس مشرقی پاکستان کی تحریک قومی بنیادوں پر نہیں اٹھی تھی۔اس تحریک کا کردارواضح طور پرطبقاتی تھا جس کا آغاز مشرقی بنگال سے نہیں بلکہ راولپنڈی میں طلبہ جلوس پرپولیس کی فائرنگ میں پولی ٹیکنیکل کالج کے طالب علم عبدالحمید کی شہادت سے ہوا تھا۔بظاہرمعمولی نظرآنے والایہ واقعہ وہ چنگاری ثابت ہواجس نے سماجی ومعاشی تضادات کے بارود کوآگ لگا دی۔تحریک ملک کے طول و عرض میں پھیل گئی۔6نومبر1968ء سے 25مارچ 1969ء تک کے 139دنوں میں طاقت ریاست کے ایوانوں سے نکل کرگلیوں،محلوں، فیکٹریوں، دیہاتوں اور سکولوں کالجوں میں آگئی تھی۔1947ء کے بعد پاکستان کے محنت کش اورنوجوان پہلی مرتبہ ایک مقصد اور منزل کے حصول کے لئے انقلابی تحریک میں یکجا ہوئے تھے۔ پشاور سے چٹاگانگ تک
''سوشلسٹ انقلاب‘‘ کا نعرہ گونج رہا تھا۔25مارچ1969ء کو بطورصدرفیلڈ مارشل ایوب خان نے اپنی آخری تقریر میں اقرار کیا تھا کہ ''تمام ریاستی ادارے مفلوج ہوچکے ہیں۔ ملک کے ہر مسئلے کا فیصلہ اب گلیوں میں ہورہا ہے‘‘۔
مشرقی پاکستان میں مولانا عبدالحمید خان بھاشانی تحریک کی قیادت کر رہے تھے۔مغربی پاکستان میں بھی ان کا اثرورسوخ بڑھ رہا تھا۔تحریک کے عروج پر مولانا بھاشانی کو بیجنگ بلایا گیا جہاں ایوب خان کے دوست مائوزے تنگ نے اپنے پیروکار کو تحریک سے دستبردارہونے کا حکم دیا۔مشرقی بنگال لوٹ کر بھاشانی اپنی کشتی کی رہائش گاہ میں چلے گئے اور پھرکبھی منظرعام پرنہ آئے۔قیادت کے اس فرار سے تحریک کو دھچکا لگا،عوام متذبذب ہوگئے۔اس خلا سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستان اوربنگال کے حکمران طبقے نے شیخ مجیب الرحمٰن کواوپر سے مسلط کر دیا۔مجیب دراصل بنگالی سرمایہ دارطبقے کا سیاسی نمائندہ تھاجس کے ذریعے بپھری ہوئی تحریک کو طبقاتی بنیادوں سے ڈی ریل کر کے قومی بنیادوں پر استوار کر دیا گیا۔ایک عظیم عوامی تحریک کو قومی اور لسانی تعصبات میں غرق کر کے انقلاب کو مجروح کر دیا گیا۔
بھارت کی مداخلت کسی ''سازش‘‘ کا نتیجہ نہ تھی۔ مشرقی بنگال میں تحریک کی تپش مغربی بنگال میں بھی محسوس ہونے لگی تھی جس سے بھارتی حکمران طبقے کے اقتدار کو خطرہ لاحق ہو گیا تھا۔مشرقی بنگال میں ریاست ہوا میں معلق ہوچکی تھی، پولیس اور عدلیہ کا نظام بے معنی ہو گیا تھا اور تمام تر سماجی و سیاسی معاملات مزدوروں، طالب علموں اور کسانوں کی پنچائتوں کے ذریعے اشتراکی انداز میں چلائے جارہے تھے۔بنگالی اشرافیہ اس سیاسی تحریک سے بھی خوفزہ تھی جس کی زیادہ تر تنظیمی اور نظریاتی بنیادیں بائیں بازو کے سیاسی کارکنان (جو بعد ازاں جے ایس ڈی یا جاتیو سماج تنترک دل میں منظم ہوئے) استوار کر رہے تھے۔مشرقی بنگال میں بھارتی فوج کی جارحیت کا مقصد پاکستانی فوج کو شکست دینے کی بجائے عوامی پنچائتوں کو کچلناتھا کیونکہ یہ عوامی ادارے ایک نئے سماجی، ریاستی اور اقتصادی نظام کی راہ ہموار کر رہے تھے جس سے ہندوستانی بنگال میں سرمایہ دارانہ ریاست اور نظام کو براہ راست خطرہ لاحق تھا۔ بھارتی فوج نے نہ صرف عوامی پنچائتوں کو کچلا بلکہ اپنے منظور نظر مجیب الرحمن اور عوامی لیگ کو عوام پر مسلط کیا۔بیشتر مصنفین اس بات پر متفق ہیں کہ اگر مولانا بھاشانی اور ان کی نیشنل عوامی پارٹی انتخابات میں حصہ لیتی تو مجیب کی عوامی لیگ کو وہ اکثریت نہ مل پاتی جس کے ذریعے اس نے اپنے بھارتی آقائوں کی پالیسی کو عملی جامہ پہنایا۔ہندوستان ، پاکستان اور بنگال کے حکمرانوں نے جنگ، قتل عام اور ایک نئی ریاست کی تشکیل کی شکل میں انقلاب کو زائل کرنے کی قیمت ادا کی، یہ گھاٹے کا سودا نہیں تھا، برصغیر کے حکمران طبقات نے اپنے استحصالی نظام اور اقتدار کو بچا لیا۔
16دسمبر کو کہیں جشن ہوگا اور کہیں ماتم۔زرخرید دانشور اپنے اپنے آقائوں کے مفادات کے پیش نظر طرح طرح کی توجیہات پیش کریں گے۔ تلخ حقیقت یہ ہے کہ نام نہاد آزادی کے 42سال بعد بنگلہ دیش کے محنت کش آج ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ جبر و استحصال کا شکار ہیں۔ پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت کے باسیوں کی وسیع اکثریت غربت اور محرومی کی اتاہ گہرائیوں میں سسک رہی ہے۔دنیا کی 22فیصد آبادی والے اس خطے میں دنیا کی 46فیصد غربت پلتی ہے۔یہ کوئی قہر خداوندی نہیں ہے بلکہ برصغیر کی بے حس، ظالم، منافع خور، بدعنوان اور رجعتی ایلیٹ کے ہوس اور لالچ کا نتیجہ ہے۔ حکمرانوں نے بہت لوٹا ہے اور لوٹ رہے ہیں۔تاریخ کا سبق یہ ہے کہ طویل عرصے تک عوام ظلم و استحصال کو برداشت کرتے رہتے ہیں اور حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ طبقاتی کشمکش ختم ہوگئی،لیکن پھرعوام کا قہر تحریکوں کو جنم دیتا ہے اور یہ تحریکیں بھڑک کر انقلاب کے طوفان بن جاتی ہیں۔ بپھرے ہوئے عوام کے یہ طوفان بڑی سے بڑی ریاستوں کو اڑا کر رکھ دیتے ہیں۔ برصغیر کے عوام پھربغاوت پراتریں گے،نجات کا اورکوئی راستہ نہیں ہے۔سوال یہ ہے کہ ان غیر معمولی لمحات میں انقلابی پارٹی کی شکل میں کوئی سیاسی قیادت موجود ہوگی جواس تحریک کوسوشلسٹ فتح سے ہمکنار کر سکے؟