میاں نواز شریف
آپ نے اپنے ہاتھ کا جو پرنٹ بھیجا ہے انتہائی ناقص ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ہاتھ کی صفائی دکھاتے دکھاتے لکیریں مدھم پڑ گئی ہیں اور ان سے حال اور مستقبل کا صحیح اندازہ نہیں کیا جا سکتا‘ اس لیے اپنے دائیں پائوں کا پرنٹ بھیجیں؛ تاہم ان لکیروں سے جس حد تک اندازہ لگایا جا سکتا ہے اس کے مطابق آپ شش و پنج میں ہیں کہ مذاکرات کریں یا طالبان کے خلاف ایکشن لیں۔ ایکشن آپ اس لیے نہیں لیتے کہ آپ بجا طور پر سمجھتے ہیں کہ فوج اگر اس بہانے سے آ گئی تو واپس نہیں جائے گی۔ لیکن دوسری صورت زیادہ خطرناک ہے کہ اگر طالبان آ گئے تو وہ ہمیشہ کے لیے آئیں گے جبکہ فوج کو تو دس ایک سال بعد چلے ہی جانا ہوتا ہے، اس لیے بہتر ہو گا کہ فوج والا کڑوا گھونٹ ہی بھر لیں کہ اس طرح کبھی تو پھر آپ کی باری آ ہی جائے گی؛ تاہم بیک وقت مذاکرات اور طالبان کے خلاف ایکشن سے نہ فوج خوش ہو گی نہ طالبان۔ البتہ اس سے پہلے پرویز مشرف سے کسی نہ کسی طرح پیچھا چھڑوانا بے حد ضروری ہو گا۔ باقی احوال پائوں کا پرنٹ ملنے کے بعد۔
میاں شہباز شریف
کئی خوشیاں ابھی اور بھی قسمت میں ہیں لیکن سوچ سمجھ کر قدم آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بہتر ہو گا کہ تازہ خوشیوں کا خیال دل سے نکال ہی دیں؛ تاہم میٹھی چیزوں کی بڑھتی ہوئی قیمت پر ضرور نظر رکھیں‘ کیا پتا قسمت پلٹ ہی جائے۔ جہاں تک یوتھ قرضہ سکیم کا تعلق ہے تو اس نے بھی ایسی دوسری ساری سکیموں کی طرح ناکام ہی ہونا ہے جو یقیناً بیک فائر کرے گی؛ تاہم احتیاط ضروری ہے جبکہ حمزہ سے بھی احتیاط لازم ہے کیونکہ ہو سکتا ہے کہ وہ اگلے انتخابات تک صبر نہ کر سکیں اور کسی نہ کسی طرح ابھی آپ کی چھٹی کروانے پر تُل جائیں کیونکہ اقتدار کا ذائقہ تو وہ چکھ ہی چکے ہیں؛ تاہم کسی بات پر ناراض ہو کر انہیں معطل کرنے کی کوشش نہ کریں جو آپ کے لیے خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔ احتیاطاً ہر اتوار کو کالے بکرے کا صدقہ ضرور دلوا لیا کریں ، اس سے فائدہ ہو گا کہ ردِّ بلا ہوتا ہے۔
آصف علی زرداری
آپ کا زائچہ نکالا ہے لیکن وہ کافی پیچیدہ ہے۔ موجودہ حکومت کے ساتھ افہام و تفہیم کے باوجود خطرات موجود ہیں کیونکہ عدلیہ کے انداز ہرگز نہیں بدلے اور وہ کوئی رعایت دینے پر آمادہ نہیں۔ جہاں تک پارٹی کی تنظیمِ نو کا تعلق ہے تو جب تک سابق وزرائے اعظم‘ رحمٰن ملک‘ امین فہیم اور میاں منظور وٹو وغیرہ کا سایۂ شفقت پارٹی کے سر پر موجود ہے‘ اس طرح کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی اور آپ کو صرف اپنی باری پر بھروسا کرنا ہو گا جو عوام کا حافظہ کمزور ہونے کے باعث ایک بار پھر آ سکتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کو بھی اس کی ولدیت کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور اگر اس دوران طالبان آ گئے تو سب کا صفایا سمجھیں اور اپنی اب تک کی جمع پونجی کی بھی خیر منائیں۔ بعض لوگوں کی نیازمندی اپنا رنگ دکھا کر رہے گی، اس لیے راوی چین کے بجائے کافی بے چینی لکھتا ہے۔ زیادہ خوش ہونے کے بجائے تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ 50 کروڑ کا جو ہاتھ آپ نے زمانۂ صدارت میں کیا تھا‘ اس کی تلافی کی کوئی کوشش بھی سود مند رہے گی کیونکہ اب وہ وزارتیں وغیرہ حاصل کرنے کے بعد بددعائوں کا سلسلہ شروع کرنے والے ہیں اور ان کی دعا سے زیادہ بددعا قبول ہوتی ہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ اپنا کام اُن کی وجہ سے مزید چَوڑ کر بیٹھیں۔
شیخ رشید احمد
آپ نے اپنے استفسار نامے کے ساتھ فیس نہیں بھیجی اور مُفتا لگانے کی کوشش کی ہے‘ اس لیے آپ کے لیے منفی پیش گوئیاں ہی کی جا سکتی ہیں۔ پہلی یہ کہ آپ کی شادی تاصبحِ قیامت نہیں ہو سکتی اس لیے آپ کو وینا ملک کو چائے کی دعوت پر ہی گزارا کرنا ہو گا۔ ہر روز کسی نہ کسی ٹی وی چینل پر براجمان ہونا اب تک تو مفید رہا ہے لیکن اب اس کا اثر اُلٹا ہونا بھی شروع ہو جائے گا جبکہ آپ کی صحت کا دارومدار بھی جنرل مشرف کے باہر جانے یا نہ جانے پر ہے۔ آپ کا بلکہ جملہ سیاستدان خواتین و حضرات کے لیے بُرا وقت طالبان کی شکل میں آ سکتا ہے اس لیے اللہ اللہ کی ابھی سے پریکٹس شروع کر دیں تو مفید رہے گا۔ خوش کن پیش گوئیوں کے لیے فیس مع لیٹ فیس ارسال کرنا ہو گی البتہ شادی کا پھر بھی کوئی امکان نہیں ہے۔ آپ بہت جلد تحریک انصاف سے علیحدہ ہو جائیں گے جس پر عمران خان کلمۂ شکر ادا کریں گے۔ ممتاز بھٹو کا انجام دیکھتے ہوئے اپنی پارٹی ن لیگ میں ضم کرنے سے بھی کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔آپ کے لیے مناسب یہی ہے کہ جس طرح ماضی میں بے حد محتاط رہے‘ مستقبل میں بھی احتیاط کے ساتھ زندگی گزاریں۔ کسی پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ اپنا فائدہ دیکھ کر کریں۔
اشتہار:
خدمات سے فائدہ اٹھائیں!
اپنے حال اور مستقبل کو روشن کرنے کے لیے ہماری خدمات سے فائدہ اٹھائیں جہاں معمولی معاوضے پر دل کی مراد پوری کی جاتی ہے۔ ہر قسم کا تعویذ گنڈا دستیاب ہونے کے علاوہ جنّات اور بھوتوں کی خدمات بھی حاضر ہیں جو آپ کے دشمنوں کا جینا حرام کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کالا علم‘ سفید علم وغیرہ سے استفادہ کرنے کا بھی پورا پورا انتظام موجود ہے۔ ہماری ایک ہی پھونک سے آپ کی تغافل پیشہ محبوبہ آپ کے قدموں میں ہو گی اور آپ کی اہلیہ کو پتا ہی نہیں چلے گا جبکہ اُسے رام کرنے کے لیے علیحدہ تعویذ دیا جاتا ہے۔ فراخیٔ رزق اور دولت کی ریل پیل کے لیے ہم سے رجوع کریں۔ مقدمہ جیتنے‘ جج کو مطیع کرنے اور مخالف کا دماغی توازن خراب کروانے کے لیے تشریف لائیں‘ انشاء اللہ کامیابی قدم چومے گی۔ علاوہ ازیں ایک بابا جی کی خدمات بھی دستیاب ہیں جو جِن نکالنے میں یدِطولیٰ رکھتے ہیں۔ کامیاب نہ ہونے کی صورت میں نصف فیس واپس۔ نقالوں سے ہوشیار رہیں۔
المشتہر: کالا جادو سنٹر‘ نزد چوبُرجی‘ لاہور
آج کا مقطع
اب اُس کی سوچ کے ساحل سے آ لگا ہوں‘ ظفرؔ
کہ ایک عمر رہا ہوں بھنور کی صُحبت میں