تحریر : ڈاکٹر لال خان تاریخ اشاعت     21-03-2014

وہ تاریخ جو مٹ نہیں سکتی

23مارچ کا دن برطانوی سامراج کے خلاف آزادی کی جدوجہد کے کئی حوالوں سے مشہور ہے؛ تاہم اس دن سے وابستہ ایک اہم تاریخی واقعے کو حکمران طبقے کے تاریخ دان دانستہ طور پر چھپاتے یا مسخ انداز میں پیش کرتے ہیں۔اس معاملے میں ہندوستان اور پاکستان کے سرکاری تاریخ دانوں کا کردار یکساں ہے۔ 23مارچ ''ہندوستان سوشلسٹ ری پبلکن ایسوسی ایشن‘‘ (ایچ ایس آر اے) کے پرچم تلے برطانوی سامراج اور اس کے استحصالی سامراجی نظام کے خلاف جدوجہد کرنے والے 23 سالہ انقلابی نوجوان بھگت سنگھ اور اس کے جرأت مند ساتھیوں سُکھ دیو اور راج گرو کی شہادت کا دن ہے۔ علم بغاوت بلند کرنے والے ان تینوں انقلابیوں کو برطانوی سامراج نے 23مارچ 1931ء کی تاریک رات میں لاہور جیل کے پھانسی گھاٹ کے تختہ دار پر لٹکا دیا تھا۔
آج ہندوستان سوشلسٹ ری پبلکن ایسوسی ایشن سے وابستہ نوجوانوں کی جدوجہد کو پاکستان اور بھارت کا کارپوریٹ میڈیا اور حکمران طبقے کے مختلف دھڑے اپنے اپنے سیاسی اور مالی مفادات کے تحت مختلف انداز میںپیش کرتے ہیں۔پاکستان کا مذہبی دایاں بازو بھگت سنگھ کو کافر اور ''دہشت گرد‘‘ قرار دیتا ہے۔بھگت سنگھ کے حقیقی نظریات کو بگاڑنے کے لئے اس کے سکھ پس منظر کا حوالہ بھی دیا جاتا ہے۔دائیں بازو کے سیاست دان تحریک آزادی میں بھگت سنگھ کے کردار کو اس لئے بھی مسترد کرتے ہیں کہ اس کی جدوجہد اور نظریات آج بھی برصغیر کے محنت کش عوام کو اس غیر انسانی استحصالی نظام کے خلاف طبقاتی بنیادوں پر یکجا ہوکر لڑنے کا پیغام دیتے ہیں۔ ایچ ایس آر اے کے انقلابیوں نے برصغیر پر برطانوی کے سامراجی نظام کے خلاف بھی جدوجہد کا پیغام دیا تھا جو ''آزادی‘‘ کی چھ دہائیوں بعد بھی سرحد کے دونوں طرف عوام کو معاشی غلامی اور استحصال کا نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ یہ وہ جرم ہے جسے سامراجی آقا اور ان کے مقامی ایجنٹ کبھی معاف نہیں کرسکتے۔
بھارتی حکمران طبقے کی جانب سے بھگت سنگھ کی بالواسطہ کردار کشی یہاں کی نسبت زیادہ افسوسناک ہے۔یہ تاریخ کا المیہ ہے کہ چند ماہ پہلے بنیاد پرست ہندوئوں اور بھارتی سرمایہ داروں کے محبوب سیاستدان نریندرمودی کو بھگت سنگھ کی آپ بیتیوں پر مبنی کتاب کی تقریب رونمائی میں خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔اس سے یہ بات بھی ثابت ہوتی ہے کہ اپنی شہادت کی سات دہائیوں بعد بھی بھگت سنگھ نوجوانوں میں مقبول ہے اور دایاں بازو اسی مقبولیت کو کیش کروانے کی کوشش کررہا ہے۔دائیں بازو کی طرح کانگرس اور اصلاح پسند بایاں بازو بھی ''تبدیلی‘‘ کی لفاظی اور سیاسی شعبدے بازی کے لئے بھگت سنگھ کے نام کا سہارا لیتا ہے۔لیکن حکمران طبقے کے مختلف حصوں کی یہ بے ہودہ چالبازیاں بھگت کے حقیقی نظریاتی ارتقا پر پردہ نہیں ڈال سکتیں۔ موت کے وقت زندگی بھر کے مؤقف پر چٹان کی طرح قائم تھا کہ برصغیر کے عوام کی نجات کا واحد راستہ سوشلسٹ انقلاب ہے۔
اپنی تحریروں میں بھگت سنگھ واضح طور پر طبقاتی مصالحت اور موقع پرستی کو مسترد کرتا ہے۔ ''انقلابی پروگرام کا بنیادی خاکہ: نوجوان سیاسی کارکنان کے نام خط‘‘ میں وہ واضح طور پر لکھتا ہے کہ ''آپ لوگ ''انقلاب زندہ باد‘‘ کا نعرہ لگاتے ہیں۔ میں توقع کرتا ہوں کہ آپ کو اندازہ ہو گا کہ اس نعرے کا مطلب کیا ہے۔ہماری تعریف کے مطابق انقلاب کا مطلب اس سماجی نظام کو اکھاڑ کر سوشلسٹ نظام قائم کرنا ہے... اگر آپ کسانوں اور مزدوروں کی حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو یہ جان لیجیے کہ وہ جذباتی باتوں سے بیوقوف نہیں بنیں گے۔ وہ آپ سے پوچھتے ہیں کہ : جس انقلاب کے لئے آپ ان سے قربانی مانگ رہے ہیں وہ انہیں کیا دے سکتا ہے؟ آپ کو انہیں یقین دلانا پڑے گاکہ انقلاب ان کا ہے اور انہی کے فائدے کے لئے ہے۔ پرولتاریہ کے لئے پرولتاری انقلاب... اگر لارڈ ریڈنگ کی جگہ سر پرشوتم داس ٹھاکر حکومت کا نمائندہ بن جائے تو عوام کی زندگیوں میں کیا فرق پڑے گا؟ اگر لارڈ ارون کی جگہ سر تیج بہادر سپرو لے لے تو ایک کسان کی زندگی میں کیا تبدیلی آئے گی؟ قوم پرست سراسر ڈھونگ رچا رہے ہیں۔آپ کو ان سے کوئی فائدہ نہیں ملنے والا۔‘‘(2فروری 1931ء) 
بھگت سنگھ اخباری مضامین اور سیاسی اشتہاروں میں مہاتما گاندھی کی عیاری اور جھوٹ کو بھی بے نقاب کرتا ہے: ''وہ (گاندھی) اچھی طرح جانتا تھا یہ تحریک کسی نہ کسی طرح مصالحت پر ہی منتج ہوگی۔ ہمیں سیاسی ذمہ داری کے اس فقدان سے نفرت 
ہے۔‘‘کانگرس کے بارے میں وہ لکھتا ہے: ''کانگرس کا مقصد کیا ہے؟ میں نے پہلے کہا ہے کہ موجودہ تحریک کسی مصالحت یا مکمل ناکامی پر ختم ہوگی۔ میں نے ایسا اس لئے کہا تھا کہ حقیقی انقلابی قوتوں کو تحریک میں شامل ہونے کی دعوت ہی نہیں دی گئی۔اس تحریک کی بنیاد چند مڈل کلاس دکاندار اور کچھ سرمایہ دار ہیں۔یہ دونوں طبقات اپنی جائیداد کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔ انقلاب کی حقیقی افواج دیہات اور فیکٹریوں کے کسان اور مزدور ہیں۔ یہ سوئے شیر اگر جاگ گئے تو ہمارے سیاسی رہنمائوں کا فوری مقصد پورا ہونے کے بعد بھی نہیں رُکیں گے‘‘۔ بھگت سنگھ کے یہ الفاظ اس وقت سو فیصد درست ثابت ہوئے جب بمبئی میں کپڑے کی صنعت کے محنت کشوں کی جرأت مندانہ تحریک کے بعد گاندھی نے انقلاب کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ''سیاسی مقاصد کے لئے پرولتاریہ (مزدوروں) کا استعمال بہت خطرناک ہوسکتا ہے‘‘۔ گاندھی کا یہ بیان مقامی حکمران طبقے کی برصغیر کے محنت کش طبقے سے نفرت اور خوف کی صحیح عکاسی کرتا ہے۔
یہ درست ہے کہ ایک وقت میں بھگت سنگھ ''غدر تحریک‘‘ سے بہت متاثر تھا اور کرتار سنگھ سرابھا کو اپنا ہیرو سمجھتا تھا۔غدر تحریک کے اندرونی حالات پر مبنی سچندر ناتھ سنیال کی کتاب ''بندی جیون‘‘ کو بھگت سنگھ اور اس کے ساتھی لاہور کے نیشنل سکول میں طالب علمی کے زمانے میں پڑھتے تھے۔ یہ نوجوان غدر تحریک پر 1918ء میںبرطانوی حکومت کی ''رِوولٹ کمیٹی‘‘ کی جانب سے شائع ہونے والی رپورٹ پر بھی تبصرے کرتے تھے۔بھگت سنگھ غدر پارٹی کے کئی اہم رہنمائوں سے ذاتی طور پر ملا بھی تھا۔ غدر پارٹی کا سیکولر نظریہ بھگت سنگھ کی نظر میں مذہبی اورصوفیانہ طرز فکر سے بہتر تھا۔تاہم بعد ازاں بھگت سنگھ اور اس کے ساتھیوں نے غدر تحریک کی ناکامی کے پیچھے کارفرما سیاسی اور نظریاتی کمزوریوں کا جائزہ لیتے ہوئے نیا لائحہ عمل مرتب کیا۔ ستمبر 1928ء میں ''ہندوستان ری پبلکن ایسوسی ایشن ‘‘ کے نام میں ''سوشلسٹ‘‘ کا اضافہ بنیادی نظریاتی تبدیلی کا اظہار تھا۔ ایسوسی ایشن کے کانپور میں ہونے والے اجلاس میں بھگت سنگھ نے اپنے ساتھیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ''ہمارا بنیادی فریضہ عوام سے جڑنا اور انہیں منظم کرنا ہے۔‘‘
پنجاب سٹوڈنٹ کانفرنس کے نام بھگت سنگھ اور بی کے دت کا پیغام انتہائی اہم ہے۔ اس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ''ہم نوجوانوں کو پستول اور بم چلانے کا نہیں کہہ سکتے۔نوجوانوں کو دیہات اور صنعتی مراکز کی جھونپڑ پٹیوں میں رہنے والے لاکھوں کروڑوں انسانوں کو بیدار کرنے کا تاریخی فریضہ سرانجام دینا ہے۔‘‘2فروری 1931ء کے خط میں ہی بھگت سنگھ لکھتا ہے کہ ''میں نے اپنے سابق نظریات اور عقائد کا ازسر نو جائزہ لے کر کئی اہم تبدیلیاں کی ہیں۔پُرتشدد طریقوں کے رومانس کی جگہ اب سنجیدہ نظریات نے لے لی ہے۔تصوف اور اندھے یقین کو ختم کرنا ہوگا۔انقلابی اچھی طرح جانتے ہیں کہ سوشلسٹ سماج انسانی نجات کی واحد ضمانت ہے۔‘‘
اس نام نہاد آزادی کے 67سال بعد برصغیر میں آباد نسل انسانی کے بیس فیصد حصے کی حالت 1947ء سے بھی بدتر ہے۔اس ذلت اور محرومی سے رہائی کا راستہ بھگت سنگھ اور اس کے کامریڈ بہت پہلے ہی دکھا چکے ہیں! 

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved