تحریر : ڈاکٹر اکرام الحق تاریخ اشاعت     31-10-2014

زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کی ضرورت

بادشاہوں اور جاگیرداروںکے اختیار کی بنیاد یہ ہوتی تھی۔۔۔ ''ہم زمین کے مالک ہیں، اس لیے ہم عوام پر راج کرتے ہیں۔‘‘اس کی جگہ جدید ریاست کا تصور یہ ہے کہ وہ عوام پر دیگر اختیارات کے علاوہ اپنی ضروریات اور عوام کی فلاح کے لیے ٹیکس لگاتی ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین آرٹیکل 77 میں کہتا ہے۔۔۔''وفاق عوام پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کرسکتا سوائے اُس کے جس کی اجازت مجلس ِشوریٰ (پارلیمان) دے دے۔ اس کے باوجود کوئی حکومت بھی زرعی پیداوار پر دولت مند جاگیرداروں سے انکم ٹیکس وصول کرنے کے لیے تیار نہیں کیونکہ وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں میں جاگیرداروں کا راج ہے۔ 
آئین کے آرٹیکل 260کے مطابق زرعی انکم ٹیکس کے قوانین لاگو ہیںلیکن وفاقی حکومت اور چاروں صوبائی حکومتوں نے 2013-14ء کے مالی سال کے دوران صرف 1.5 بلین روپے زرعی ٹیکس وصول کیا ہے حالانکہ اس کا پوٹنشیل دوسو بلین روپے تک ہے۔ درحقیقت وفاقی حکومت نے وفاق کے تحت آنے والے علاقوں سے کوئی زرعی ٹیکس وصول نہیں کیا۔ پانچ جولائی 1977ء کو ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹنے کی وجوہ میں سے ایک یہ بھی تھی کہ اُنھوں نے فنانس ایکٹ آف 1977ء کے تحت زرعی آمدنی پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔اس قانون کو وفاقی پارلیمنٹ نے منظور کر لیا تھا اور اس پر صدر نے آٹھ جنوری 1977ء کو دستخط کردیے تھے لیکن اس پیش رفت نے جاگیرداروں، زمینوںکے مالک جنرلوں، جج اور ارکان ِ پارلیمنٹ پر مشتمل طاقتور طبقے کو مشتعل کردیا کیونکہ ان کے پاس ریاست کی بہت سی زمینیں تھیں۔ اس قانون کو ضیا نے معطل کردیا۔ بعد میں اس نے بھٹو کا عدالتی قتل کرتے ہوئے جاگیردار طبقے کو خوش کردیا۔ یہی وجہ ہے کہ جاگیرداروں اور مذہبی رہنمائوں نے اُس کی حمایت کی تھی۔اس ضمن میں مذہبی طبقہ کی کارگزاری خاص طو ر پر یادرکھی جائے گی جس نے ضیا کی آمریت کو مذہبی رنگ دے کر اس کی حمایت کو عوام پر مسلط کرنے کی کوشش کی۔ 
ذوالفقار علی بھٹو کے بعد آنے والے بہت سی حکومتوں، جن میں سویلین بھی شامل ہیں اور فوجی بھی، نے چھوٹے کاشت کاروں پر نوآبادیاتی دور سے لگے ہوئے سخت ٹیکس کوختم کرنے کی کوشش نہیں کی لیکن بڑے جاگیرداروں پر انکم ٹیکس لگانے کی کسی کو توفیق نہ ہوئی۔ اور تو اور، محترمہ بے نظیر بھٹونے بھی اپنی دونوں مدت کی حکومت کے دوران اپنے والد کے قانون کو نافذ کرنے کی کوشش نہیںکی۔ سندھ میں پی پی پی کی حکومت نے موجودہ سال کے لیے ٹیکس کا ہدف 107.02 بلین روپے رکھا ہے لیکن اس میں زرعی ٹیکس کا ہدف صرف 512.11 ملین روپے ہے۔ یہ رقم کل ٹیکس کا 0.47 فیصد ہے۔ 2013-14ء میں اس نے صرف ساڑھے چار سو ملین زرعی ٹیکس وصول کیا تھا۔ 
پنجاب میںبھی یہی کہانی دہرائی جاتی ہے۔ یہاںبھی اسمبلی میںبڑے بڑے جاگیرداروں کا غلبہ ہے۔ وہ زرعی پیداوار پر انکم ٹیکس دینے کے لیے تیار نہیں۔ یہاں اس ضمن میں بہت آسانی سے ایک سو بلین روپے اکٹھے ہوسکتے ہیں لیکن پنجاب حکومت نے موجودہ مالی سال کے دوران صرف 830 ملین روپے وصول کیے ۔ یہ کل ٹیکس کا 0.1 فیصد ہے۔ ''خادمِ اعلیٰ‘‘ نے اپنے اردگرد جاگیرداروں، جیسا کہ ملک، کھوسے، چوہدری ، رانے، ٹوانے وغیرہ سے کبھی بھی ٹیکس وصول کرنے کی کوشش نہیںکی۔ اگر وہ ایسا کرتے تو ان کی حکومت کے پاس بہت سی رقم فالتوہوتی۔ 
تحریک ِ انصاف کی قیادت بھی شریف برادران پر تنقید کرتی رہتی ہے کہ وہ سخت ٹیکس لگاتی ہے لیکن اُنھوں نے خود خیبر پختونخوا میں ٹیکس کا نظام بہتر کرنے یا امیر جاگیرداروں سے زرعی ٹیکس وصول کرنے کی زحمت نہیںکی ہے۔ 2013-14ء کے مالی سال کے دوران صوبے کا کل زرعی ٹیکس چوبیس ملین روپے تھا۔ یہ وصول کیے گئے ٹیکس کا 0.16 فیصد تھا۔ بلوچستان کے حالات تو اور بھی خراب ہیں۔ یہاں موجودہ مالی سال کے دوران حکومت صر ف پانچ ملین زرعی ٹیکس وصول کرپائی۔ ان تمام صوبوں میں زرعی ٹیکس کا حجم بڑھانے کے لیے کوئی سیاسی خواہش دکھائی نہیں دیتی۔ 
اس وقت غریب کاشت کار سولہ فیصد سیلز ٹیکس اداکررہے ہیں۔ اُنہیں یہ ٹیکس زراعت کے لیے استعمال ہونے والی اشیا پر ادا کرنا پڑتا ہے۔ ان کی زمین پر بھی ٹیکس ہے۔ ان ٹیکسوں کا بوجھ اُنہیں غربت کی طرف دھکیل رہا ہے۔ وفاقی حکومت کی طرف سے بلاسوچے سمجھے نافذکردہ سیلز ٹیکس نے عوام کی کمرتوڑ دی ہے۔ اس نے یہ بھی نہیں سوچا کہ اس کا پاکستان کی زراعت پر کیا اثر پڑے گا۔ سخت قسم کے بالواسطہ ٹیکسز نے دیہی علاقوں میں عوام کی بڑی تعداد کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا ہے۔ اس پر مستزاد، یہ علاقے سیلاب سے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ کاشت کار سالانہ 90ہزار کے قریب ٹریکٹر خریدتے ہیں اور وہ اس پر سیلز ٹیکس ادا کرنے کے بعد اربوں روپے حکومت کو دیتے ہیں۔ یہی صورت ِحال کھادوں، بیج اور زرعی ادویات پر ہے، لیکن حکومت جاگیرداروں کی آمدنی پر ٹیکس لگانے کے لیے تیار نہیں۔ ان ٹیکسز کی وجہ سے جی ڈی پی میں زرعی پیداوار کا حجم کم ہوتا جارہاہے۔ تاہم یہ معاملات حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں۔ 
وفاق اور صوبے، دونوں بڑے جاگیرداروں پر انکم ٹیکس لگانے کے لیے تیار نہیں۔ اس کی وجہ یہ سیاسی قوت ہے۔ اسمبلیوںمیں موجود جاگیردار یہ ٹیکس لگانے کی کبھی اجازت نہیں دیںگے۔ پی پی پی کی سندھ حکومت سروسز پر توٹیکس وصول کررہی ہے اور اس کا ارادہ اشیا پر ٹیکس بڑھانے کا بھی ہے لیکن جب زرعی آمدنی پر ٹیکس کی بات آئے توا ُنہیں سانپ سونگھ جاتا ہے۔اس کے باوجود یہ جماعتیںغریب عوام کی نمائندہ ہونے کا تاثر دیتی ہیں اور مختلف طریقوں سے عوام کی رائے پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ 
اس تمام مسئلے کا ایک ہی حل ہے کہ زرعی ٹیکس کو مقامی حکومت کے سپرد کردیا جائے۔ اس میںستم ظریفی یہ ہے کہ ابھی تک صرف بلوچستان میں مقامی حکومتوںکے انتخابات ہوئے ہیں۔ دیگر صوبے اس ضمن میں پس وپیش سے کام لے رہے ہیں۔ پاکستان تحریک ِانصاف مقامی حکومت کی حامی ہونے کے باجود خیبر پختونخوا میں ایسا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پاکستان کے بہت سے مسائل کی وجہ یہ ہے کہ ریاست کے وسائل اور اختیارات بڑے بڑے جاگیرداروں کی دسترس میں ہیں۔ یہ جمود ٹوٹنا ضروری ہے۔ وہ بدعنوان سرکاری افسران کی پشت پناہی کرتے ہیں کیونکہ وہ ان کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔ اگر پاکستان ان مسائل کے گرداب سے نکلناچاہتا ہے تو اس شراکت دار ی کو توڑنا ہوگا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو بااختیار بنایا جائے۔اس مقصد کے لیے طاقت کا ارتکاز سیاست دانوںسے چھین کر عوام کونچلی سطح تک منتقل کیا جائے۔ ضروری ہے کہ اہم فیصلے عوام، نہ کہ سرکاری افسران کریں۔ عوامی نمائندے عوام کے سامنے جواب دہ ہوں اورکوئی طاقت ور ادارہ ان کے جرائم پر پردہ نہ ڈالے۔ 

Copyright © Dunya Group of Newspapers, All rights reserved