اشتہاریوں کی گرفتاری پر پوائنٹس،خصوصی انعامات
31 جولائی تک مہم کیلئے مراسلہ جاری،قتل کا ملزم پکڑنے پر 5 پوائنٹ
لاہور (نیوز رپورٹر،خبر نگار سے )لاہورسمیت پنجاب بھر میں ہزاروں کی تعداد میں اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے پولیس پریشان ہے ،لاہورپولیس کواشتہاری گرفتار کرنے پر پوائنٹس ملیں گے ۔لاہورمیں رواں ہفتے اے اور بی کیٹیگری کے اشتہاریوں کوگرفتارکرنے پرپوائنٹس اورخصوصی انعامات دئیے جائیں گے ۔ تفصیل کے مطابق اے ،بی کیٹیگری کے اشتہاریوں کی عدم گرفتاری پر پولیس پریشان ہے ،اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے نیا حربہ آزمانے کا فیصلہ کر لیا گیا،بڑے اشتہاریوں کوپکڑنے کی خصوصی مہم پرضلعی افسران متحرک ہو گئے ۔اشتہاری پکڑنے اور زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے پر نقد انعام اورتعریفی اسناد ملیں گی۔31جولائی تک مہم کے حوالے سے مراسلہ جاری کردیا گیا۔سی سی پی او نے اشتہاری پکڑنے پر پوائنٹس دینے کاحکم دیا۔قتل،اغوا برائے تاوان کا ملزم پکڑنے پر5 پوائنٹس ملیں گے ،ڈکیتی، زیادتی کا ملزم پکڑنے پر3 پوائنٹس ملیں گے ،اقدام قتل،مالی معاملات، چوری کا اشتہاری پکڑنے پر1 پوائنٹ ملے گا۔فارمولے کے تحت افسروں و اہلکاروں کو پوائنٹس دئیے جائیں گے ۔ مراسلے کے مطابق اشتہاری پکڑو مہم میں آپریشن ونگ ، انویسٹی گیشن ونگ ، سی آئی اے ،اے وی ایل ایس، ڈولفن اور موبائلز سکواڈ میں مقابلہ ہوگا۔