پولیس سے فائرنگ کاتبادلہ ایک کارلفٹرزخمی ،دوفرار
اسلام آباد(خبر نگار)اسلام آباد پولیس اور کارلفٹرز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک کارلفٹر زخمی حالت میں گرفتار،دو ملزمان فرار ہو گئے ۔
پولیس نے گاڑی چوری کی اطلاع پر کارروائی کی ،ملزموں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی،جوابی کارروائی میںایک ملزم زخمی ہوگیا۔پولیس کو اطلاع ملی کہ کارلفٹرز گاڑی چوری کے بعد فرار ہوئے ہیں جو اسے پشاور لے کر جائیں گے ، اسلام آباد پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کی، پولیس پارٹی تھانہ آئی نائن کے علاقہ نرسری روڈ پر چیکنگ کر رہی تھی کہ ایک بولان گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی سے تین ملزمان نے نکل کر پولیس پر فائرنگ کر دی۔
پولیس پارٹی محفوظ رہی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم محمد یاسر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،پولیس نے موقع سے گاڑی قبضے میں لے لی جبکہ گرفتار ملزم کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ فرار ملزمان کی گرفتار ی کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔