مریدکے :تنخواہ کے تنازع پر فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ قتل
فیروزوالہ،مریدکے ،کالا شاہ کاکو(تحصیل رپورٹر،نمائندہ دنیا،نامہ نگار )ریان پورہ کے قریب 5 ماہ سے تنخواہ پوری نہ دینے کے تنازع پر ایک میرج ہال کے مالک کے مبینہ ایما پر 2افراد نے فائرنگ کرکے سکیورٹی گارڈ نوجوان محمدوسیم کو قتل کردیا ۔
بتایا گیا ہے کہ حدوکے کارہائشی وسیم جو کچھ عرصہ سے اختر علی کے پاس بطور سکیورٹی گارڈ کام کر رہا تھا، اختر علی اسے وقت پر پوری تنخواہ نہیں دیتا تھا جس پر ان کے درمیان کلامی ہوئی، اسی بنا پر اخترعلی کے کہنے پر اس کے دو ملازمین حسیب اور قاسم نے فائرنگ کرکے محمد وسیم کو شدید زخمی کر دیا جس کو ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا ۔سٹی پولیس مریدکے نے مقتول کی بیوہ کی رپورٹ پر ملزموں کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر محمد وسیم کی موت ساتھی گارڈ حسیب کی بندوق سے اتفاقیہ طور پر نکلنے والی گولی لگنے سے ہوئی ، تاہم مزید تفتیش جاری ہے ۔ متوفی کی بیوہ رخسانہ بی بی نے الزام عائد کیا پانچ ماہ کی تنخواہ دینے کے بجائے خاوند کو قتل کر دیا گیا۔سٹی پولیس نے 2ملزم گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ کالا شاہ کاکو سے نامہ نگار کے مطابق سکیورٹی گارڈ تین کمسن بیٹیوں کا باپ اور تنخواہ ملنے کے بعد بیٹیوں کو نئے کپڑے سلوا کر دینے کا وعدہ کرکے گھر سے نکلا تھا۔