شہری کی جائیداد ہتھیانے ، قتل کی کوشش ناکام، 2ملزم گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر ) لاہور پولیس نے بوڑھے میاں بیوی کو اغوا کرکے جائیداد ہتھیانے اور انہیں قتل کی کوشش کرنے والے دو ملزموں کو گرفتار کرلیا۔
جبکہ دو فرار ہوگئے ۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے ماڈل ٹاؤن ہیڈ کوارٹرز میں پرس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بوڑھے میاں بیوی کو قتل کرنے اور جائیداد ہڑپ کرنے کی کوشش ہوئی ہے ، ماڈل ٹاؤن پولیس نے مددگار 15کی کال پر کارروائی کرتے ہوئے سی بلاک سے دو ملزمان گرفتار کرلیے ۔متاثرہ شخص افتخار فرٹیلائزرکمپنی سے ریٹائرڈ ہے جس نے دو پلاٹ بحریہ آرچرڈ میں لے رکھے ہیں، پراپرٹی ڈیلر عدنان نے دیگر 3ساتھیوں سے مل کر کروڑوں کی جائیداد ہتھیانے کا پلان بنایا، پلان کے مطابق واردات کے بعد میاں بیوی کو قتل کرکے خودکشی کا سین بنانا تھا۔دریں اثنا ہنی ٹریپ کے ذریعے لوگوں کو بلیک میل کر کے رقم ہتھیانے والے بین الاضلاعی گینگ کے مرد و خواتین سمیت 8ملزمان گرفتار کرلیے گئے ۔