الہ آباد :ڈینگی سروے میں ویمن ورکرز سے بدسلوکی ، تشدد
قصور، الہ آباد، تلونڈی(نمائندگان دنیا،نامہ نگار)الہ آباد میں ڈینگی سروے عملہ سے شہری کی بدتمیزی ،قتل کی دھمکیاں، فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
خواتین ورکرز گھر کے دروازے پر نشاندہی کیلئے نمبر لگانے گئیں تو مالک نے طیش میں آکربدتمیزی کی، ورکرزکو گالیاں اورقتل کی دھمکیاں دیں اور خاتون کے بال بھی کھینچے ، 15 کال پر پولیس تھانہ آلہ آباد موقع پر پہنچ گئی توملزم فرار ہوگیا۔ عملہ نے واقعہ کیخلاف سخت احتجاج کیا، تشدد کرنے والے 3 نامزد اور 3 نامعلوم ملزموں کیخلاف درخواست دیدی گئی، ڈی پی او قصور سے نوٹس لینے ،سخت کارروائی اورسکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ۔پولیس نے متاثرہ ٹیم کے بیانات قلمبند کر کے تفتیش شروع کر دی ۔دریں اثنا پی ایس ای آر سروے کے دوران موضع کھارا میں ملزم اویس اور نویس میو نے کارِ سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے عملہ کے کپڑے پھاڑ دیئے ۔ مکوں تھپڑوں سے تشدد کانشانہ بناکر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ پولیس نے قمر الرحمن کی درخواست پرمقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔