رواں سال ٹریفک حادثات میں 233 افراد جاں بحق
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر) ضلع گوجرانوالہ میں ٹریفک حادثات کے دوران ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق تشویشناک اعداد و شمار سامنے آئے ہیں، رواں سال کے دوران مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 233 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ گزشتہ سال 2024 میں یہ تعداد 266 تھی۔ ریسکیو حکام کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، تیزرفتاری، کم عمر ڈرائیونگ اور سڑکوں کی بدستور خراب حالت اموات میں اضافے کی بڑی وجوہات بن رہی ہیں۔
ہلاک ہونے والے زیادہ تر موٹر سائیکل سوار ہیں جو قوانین کی خلاف ورزی کرتے اور حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مانیٹرنگ اور نفری میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ڈرائیورز کی تربیت، آگاہی مہمات اور سڑکوں کی مرمت بے حد ضروری ہے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے ۔ٹریفک حکام کے مطابق حادثات کی روک تھام کیلئے شہر بھر میں اقدامات جاری ہیں اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حادثات میں حقیقی کمی لانے کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنا ناگزیر ہے ۔