ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

 ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

لالہ موسیٰ میں رکشہ اورمسافر وین کے درمیان تصادم،3 افراد دم توڑ گئے حافظ آ باد میں 2 خواتین ،وزیر آ باد میں کرنل (ر)خاتون ڈاکٹر چل بسی

لالہ موسیٰ ، حافظ آباد ،وزیر آباد (نامہ نگار ، نمائند گان دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)مختلف ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔لالہ موسیٰ میں پنجن کسانہ کے قریب جی ٹی روڈ پر رکشہ اورمسافر وین میں تصادم کے با عث 3 افراد جاں بحق ،خاتون سمیت 9 زخمی ہوگئے ۔گجرات سے راولپنڈی جانے والی تیز رفتار مسافر وین اور لوڈر رکشہ میں بسم اﷲ چوک میں خوفناک تصادم ہوا ،رکشہ ڈرائیور موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 11زخمیوں کو ہسپتال ریفر کیا گیا جن میں سے مزید 2 افراد دم توڑ گئے ۔ سکھیکی کے قریب ڈمپر نے موٹر سائیکل کوٹکر دے ماری ، حادثے میں موٹر سائیکل سوار نواحی گاؤں پٹ بھٹیاں کی رہائشی 35سالہ نصر ت اور40سالہ فرزانہ  جاں بحق جبکہ انکا قریبی عزیز شدید زخمی ہو گیا ۔ وزیرآباد سیالکوٹ روڈ پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے حساس ادارے کے سابق ملازم میاں بیوی کی کار کو حادثہ پیش آنے سے خاتون ڈاکٹر جاں بحق،شوہر سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ۔حادثے میں کار سوار کرنل(ر)ڈاکٹر سعدیہ موقع پر جاں بحق جبکہ اسکا شوہر بریگیڈئیر(ر)ڈاکٹر وحید سکنہ ڈی ایچ اے اسلام آباد زخمی ہوگیا ، حادثے میں مخالف سمت سے آنے والی گاڑی میں سوار محمد سلیم سکنہ ننکانہ صاحب اور رفتاج بیگم سکنہ حاجی والا گجرات زخمی ہو گئے ، ریسکیو حکام نے زخمیوں اور لاش کو سول ہسپتال وزیرآباد منتقل کر دیا ۔زخمی وحید کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا۔وزیرآباد کے علاقہ پکی گڑھی کے قریب کار درخت سے ٹکرا نے سے سوہدرہ کا رہائشی فرسٹ ائر کا طالبعلم احمد ہنجرا موقع پر جاں بحق ہو گیا ،حادثے کے بعد گاڑی کو آگ لگ گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں