سلامت پورہ میں سلنڈر دھماکا، ایک جاں بحق، دو زخمی
دھماکا کمپریسر رپیئرنگ دکان میں گیس ویلڈنگ کے دوران سلنڈر پھٹنے سے ہوا زخمیوں اور جاں بحق شخص کو سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا، مزید تحقیقات جاری
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقہ سلامت پورہ میں چرچ والی گلی کے قریب کمپریسر رپیئرنگ کی دکان میں سلنڈر دھماکے سے ایک شخص جاں بحق ،2افراد زخمی ہوگئے ، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیوکی ایمرجنسی وہیکلز اور امدادی ٹیمیں فوراً جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں 2 سے 3 افراد زخمی ہوئے ، تاہم بعد ازاں تصدیق ہوئی کہ دو افراد زخمی جبکہ ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا گیس ویلڈنگ کے دوران سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔ زخمیوں اور جاں بحق شخص کو فوری سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق حادثہ ممکنہ طور پر حفاظتی اقدامات میں غفلت کے باعث پیش آیا مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دکان کو بھی دھماکے کے باعث جزوی نقصان پہنچا۔ریسکیو ٹیموں نے علاقے کو محفوظ بنانے اور مزید جانچ کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں۔