موٹر وے پرنامعلوم گاڑی خاتون کی لاش پھینک کرفرار

موٹر وے پرنامعلوم گاڑی خاتون کی لاش پھینک کرفرار

گاڑیاں گزرنے سے چہرہ، ٹانگیں، بازو، ہاتھ متاثر، پولیس کوورثا کی تلاش

روہڑی (نمائندہ دنیا)روہڑی کے قریب سکھر ملتان ایم فائیو موٹروے دبر ریسٹ ایریا کے قریب مبینہ طور پر نامعلوم گاڑی خاتون کی لاش سڑک کے کنارے پھینک کر فرار ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سڑک پر گاڑیوں کی مسلسل آمد و رفت کے باعث لاش بری طرح مسخ ہوئی ہے ، خاتون کا چہرہ، ٹانگیں، بازو اور ہاتھ متاثر ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق لاش تازہ معلوم ہوتی  ہے ، خاتون نے مردانہ لباس پہن رکھا تھا۔ دبر تھانے کے ایس ایچ او غلام قادر بلو نے بتایا کہ رات گئے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تاحال خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی، تاہم ابتدائی جائزے کے مطابق اس کی عمر تقریباً 25 سے 30 سال کے درمیان معلوم ہوتی ہے ۔ پولیس کے مطابق لاش کی شناخت کے لیے بائیو میٹرک اور دیگر ذرائع سے تحقیقات جاری ہے ۔ دوسری جانب سکھر کی نواحی تحصیل صالح پٹ کے علاقے آر ڈی 202 کے مقام پر کھاد سے بھری ٹریکٹر ٹرالی نارا کینال کے کنارے سے گزرنے کے دوران نہر کا پشتہ کمزور ہونے کے سبب الٹ کرنارا کینال میں جاگری، جسکے نتیجے میں ایک مزدور 35 سالہ نوجوان مختار احمد شبانی جاں بحق اور ڈرائیور ورند علی شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کو فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ متوفی کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا، جبکہ علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے نہر کے ٹوٹے ہوئے کنارے کی فوری مرمت اور حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں