100 انڈیکس میں 1002 پوائنٹس کی کمی، ڈالر مزید مہنگا

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ہزار پوائنٹس سے زائد کی کمی، انڈیکس 38 ہزار 300 کی سطح پر بند ہوا ، دوسری جانب روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا۔

کاروباری دن کے چوتھے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان رہا، سرمایا کاروں نے حصص کی خریداری کے بجائے ان کی فروخت میں زیادہ دلچسپی لی جس کے باعث اختتام پر 100 انڈیکس 1002 پوائنٹس کی کمی کے بعد 38 ہزار 300 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

آج ہونے والی گراوٹ کے باعث سرمای کاروں کے 150 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔ دوسری جانب روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا، انٹر بینک میں ڈالر 14 پیسے اضافے کے بعد 138 روپے 74 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے اضافے سے 139 روپے 30 پیسے پر فروخت ہوا۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ادائیگیوں میں اضافے کے سبب جاری کھاتوں خسارہ بھی بڑھ رہا ہے، جس کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی کمی رجحان ہے، دوسری طرف حکومت کے جانب سے رقم کا بندوبست ہونے کے حوالے سے کوئی واضع بیان بھی سامنے نہیں آ رہا، یہی وجہ ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں