شہباز شریف کا وزیراعظم کو خط: چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے 3 نام ارسال

تازہ ترین

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے تین نام بھجوا دئیے۔

 شہباز شریف نے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام وزیراعظم کو بھجوا دئیے۔ انہوں نے اپنے خط میں کہا میری دانست میں یہ ممتاز شخصیات اس منصب کے لئے نہایت مناسب اور اہل ہیں، امید ہے ان افراد کی اہلیت کی آپ پذیرائی کریں گے۔

 خط میں مزید کہا گیا کہ آرٹیکل 213 ٹو اے کا تقاضا ہے کہ وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کرے، آئین کے تحت آپ کو مشاورت کا یہ عمل بہت پہلے شروع کرنا چاہئے تھا، الیکشن کمیشن کو غیر فعال ہونے سے بچانے کیلئے مشاورت کر رہا ہوں، ہمیں عدالتی حکم کا پورا احترام ہے، متعلقہ آئینی شقوں کو پورا کرنا لازم ہے۔

 قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے خط چئیرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کے 5 نومبر کے مراسلے کے جواب میں لکھا۔ خط میں سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری کے لئے 3، 3 نام بھی تحریر ہیں۔ سندھ کے لئے نثار درانی، جسٹس (ر) عبدالرسول میمن اور اورنگزیب حق کے نام جبکہ بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی، محمد روف عطاء اور راحیلہ درانی کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں