پاکستان کھجور بر آمد کرنے والا پانچواں بڑا ملک بن گیا

تجارت

کراچی:(روزنامہ دنیا)پاکستان میں کھجور کی کاشت میں مسلسل اضافے کا رجحان ہے جس کے بعد پاکستان کھجور بر آمد کرنے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک بھی بن گیا ہے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کھجور کی سالانہ پیداوار ساڑھے پانچ تا ساڑھے چھ لاکھ ٹن کے درمیان ہے ، پیداوار میں بلوچستان کا 45فیصد جب کہ سندھ کا شیئر43فیصد ہے ،دنیا میں کھجور کی مجموعی پیداوار میں بھی پاکستا ن پانچویں نمبر پر ہے اور دنیا میں پیدا ہونے والی کھجور کا7فیصد پاکستان میں کاشت کیا جاتا ہے ۔کھجور بر آمد کرنے والے دیگر بڑے ممالک میں تیونس،عرب امارات،امریکا،ایران اورسعودی عرب شامل ہیں۔

امریکی ادارہ برائے بین الااقوامی ترقی(یو ایس ایڈ)پاکستان میں کھجور کی پیداوار میں اضافے پر مسلسل کام کررہا ہے ،اس سلسلے میں یو ایس ایڈ نے سندھ میں کئی سال قبل کھجور دوست پروگرام کا آغاز کیا تھا جس کے ثمرات سامنے آرہے ہیں،سندھ کے ضلع خیرپور میں مناسب آب و ہوا کے باعث تقریباً 75 ہزار ایکڑ پر کھجور کی کاشت کی جاتی ہے ، 1930 میں سکھر بیراج مکمل ہونے کے بعد یہاں کھجور کی کاشت میں زبردست اضافہ ہوا۔

ایک اندازے کے مطابق سندھ سے پاکستا ن میں پیدا ہونے والی کھجور کا لگ بھگ نصف حاصل کیا جاتا ہے ،کھجور کو خشک کر کے چھوہارا بھی بنایا جاتا ہے ،جسے بڑی تعداد میں پڑوسی ممالک کو برآمد کیا جاتا ہے ،اس پروگرام کی مدد سے مختلف فارموں کے 500سے زائد افراد نے کھجور کی بیماریوں کے انتظام، مناسب کٹائی، ہینڈلنگ، نقل و حمل اور اسٹوریج میں عمدہ تربیت حاصل کی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں