پاکستان نے گزشتہ برس 4.19 ملین ٹن چاول برآمد کرکے کثیر زرمبادلہ کمایا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے گزشتہ برس 4.19 ملین ٹن چاول برآمد کرکے کثیر زرمبادلہ کمایا ہے۔
محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق مالی سال 21۔2020ء کے دوران 4.19 ملین ٹن چاول برآمد کئے گئے جس سے مجموعی طور پر 2.04 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا۔
ترجمان نے کہاکہ چاول کی برآمدات میں اضافے کے لیے ہمیں دھان کی پیداوار میں اضافے اور معیار میں بہتری کے اقدامات کرنا ہوں گے۔
زرعی ترجمان نے کہاکہ وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 300 ارب روپے کی لاگت سے گندم، کماد، تیلدار اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور پانی کے دستیاب وسائل میں بہتری کے مختلف منصوبہ جات پر عملدرآمد جاری ہے۔
ان منصوبہ جات میں دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے 6 ارب 32 کروڑ کی خطیر رقم سے دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت کاشتکاروں کو دھان کی فصل پر اندھا دھند زہروں کے سپرے کو کم کرنے بارے رہنمائی کیلئے رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں تربیتی پروگراموں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ دھان کے کاشتکاروں کی فصلات کا بھی معائنہ کیلئے ادارہ ہذٰا میں 6 کروڑ 10 لاکھ روپے کی لاگت سے قائم لیبارٹری کے ذریعے دھان کی فصل کے نمونہ جات لے کر اس پر زرعی زہروں کی جانچ کی جاتی ہے اور یہ لیبارٹری رائس ایکسپورٹر ایسوسی ایشن ودیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی نمونہ جات کی جانچ کیلئے معاون ثابت ہو سکتی ہے۔