لاہور: پٹرول کے نرخوں میں اضافے کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بے لگام

تجارت

لاہور: (دنیا نیوز) پٹرول کے نرخوں میں اضافے کے بعد لاہور میں دیگر اشیائے صرف کی قیمتیں بھی بے لگام ہونے لگیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد میں اضافہ بھی کسی کام نہ آیا۔

ادویات، آٹا، پٹرول، چینی اور متعدد دیگر اشیائے صرف کے نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد پٹرول کے نرخوں نے بھی زیادہ سے زیادہ قیمت کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو 123روپے 30 پیسے فی لیٹر تک جا پہنچے ہیں۔ پٹرول کے نرخوں میں اضافے کے بعد اشیائے صرف کی قیمتیں بھی بے لگام ہونے لگی ہیں۔

ایک روز کے دوران 13 سبزیوں کے نرخوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تو پھل بھی انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخوں سے زائد پر فروخت ہونے لگے ہیں۔ برائلر کے گوشت کے نرخ 7 روپے اضافے کے بعد 291 روپے کلو تک جا پہنچے۔ مہنگائی میں تیز رفتار اضافے کے باعث لاہور میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد 53 سے بڑھا کر 68 کر دینا بھی کام نہ آیا جس پر عوام سیخ پا دکھائی دیتے ہیں۔

دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اشیا کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں