ای سی سی نے 50 ہزار ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دیدی

تجارت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 50 ہزار ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دیدی۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس ہوا جس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں کامیاب پاکستان پروگرام کی منظوری دے دی گئی۔

پہلے مرحلے میں بلوچستان، کے پی، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں کامیاب پاکستان پروگرام شروع کیا جائیگا، سندھ اور پنجاب کے پسماندہ اضلاع میں بھی کامیاب پاکستان پروگرام شروع کیا جائے گا۔

ای سی سی اجلاس کے دوران 50 ہزار ٹن چینی کی درآمد کی بھی منظوری دیدی جو تین مراحل میں لائی جائینگی۔

اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کیلئے تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے 11 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ ملازمین کو تنخواہیں 2021-22 کیلئے ادا کی جائیں گی۔

اجلاس میں وزارت دفاع کی سمری پر افواج پاکستان کیلئے فنڈز جبکہ وزارت داخلہ کی سمری پر فرنٹئیر کانسٹیبلری (ایف سی) سنٹر کے قیام کیلئے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں