ملک میں مسلسل بڑھنے والی مہنگائی کی شرح میں کمی آ گئی

تجارت

اسلام آباد(دنیا نیوز)ملک میں مسلسل بڑھنے والی مہنگائی کو 13 ویں ہفتے بعد بریک لگ گئی، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.07فیصد کمی ہوگئی جبکہ گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 13.88 فیصد رہی تھی۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ٹماٹر 7 روپے 76 پیسے، انڈے 2 روپے 98 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے ایل پی جی کاگھریلو سلنڈر 9 روپے 41 پیسے مہنگا ہوا ،گڑ 1روپے 27 پیسے، اڑھائی کلو گھی کاڈبہ 3 روپے 84 پیسے مہنگا جبکہ مٹن 1 روپے 39 پیسے، برائلر مرغی 29 پیسے، بڑا گوشت 88 پیسے فی کلو مہنگا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں چینی، چاول، چائے دودھ کی قیمت بھی بڑھی جبکہ حالیہ ہفتے دس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 19 روپے 75 پیسے سستا ہوا ،کیلے 5 روپے 93 پیسے فی درجن ،پیاز 2 روپے 74 پیسے ، لہسن 5 روپے 75 پیسے فی کلو سستا ہوا، دال مونگ 3 روپے 71 پیسے، دال ماش 4 روپے 27 پیسے سستی ہوئی جبکہ دال چنا ایک روپے 91 پیسے، دال مسور 49 پیسے سستی ہوئی۔

حالیہ ہفتے آلو اور اری چاول بھی سستا ہوئے جبکہ حالیہ ہفتے 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں