امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تیزی سے قدر کھونے لگا

تجارت

لاہور: (ویب ڈیسک) ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تیزی سے قدر کھونے لگا، ایک مرتبہ پھر امریکی کرنسی کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کو بریک لگ گئی اور زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 37 یپسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 169 روپے 60 پیسے سے بڑھ کر 169 روپے 97 پیسے ہو گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق ایک طرف زائد امپورٹس تو دوسری جانب محدود غیر ملکی سرمایہ کاری کے باعث روپیہ کمزور پڑ ریا ہے۔ گزشتہ پانچ ماہ میں امریکی کرنسی کی قدر میں 11 فیصد اضافے سے امپورٹڈ اشیا جیسے پٹرولیم مصنوعات، دالیں، کوکنگ آئل سمیت بیشتر اشیاء کے دام بڑھ رہے ہیں اور غریب کا گزارا روز بروز مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

دوسری طرف مسلسل مندی میں جانےوالی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس میں 457.17 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی اور انڈیکس 45274.93 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کربند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.02 فیصد کی بہتری دیکھی جبکہ 17 کروڑ 54 لاکھ 6 ہزار 691 شیئرز کا لین دین ہوا، تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو 60 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں