کوئٹہ کی جوائنٹ روڈ پر 15 سال سے قائم سبزی منڈی ہٹانے کے معاملے پر دکاندار پریشان

تجارت

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ کی جوائنٹ روڈ پر 15 سال سے قائم سبزی منڈی کو ہٹایا جا رہا ہے جس سے دکاندار اور عوام پریشان ہیں۔ دکاندار کہتے ہیں کہ نہ ہی متبادل جگہ فراہم کی جا رہی ہے اور نہ ہی مارکیٹ ختم کرنے کے لیے وقت دیا جا رہا ہے۔

کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ پر ریلوے فٹبال گراؤنڈ سے متصل سڑک کنارے یہ سبزی اور فروٹ مارکیٹ گزشتہ کئی سالوں سے قائم ہے لیکن اب ریلوے انتظامیہ کی جانب سے اس مارکیٹ کو ہٹانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

گذشتہ 15 سالوں سے قائم اس مارکیٹ میں سو سے زائد فروٹ اور سبزیوں کی ریڑھیاں اور دکانیں موجود ہیں جن کا باقاعدہ کرایہ بھی ادا کیا جارہا ہے۔
شہر کے وسطی علاقے میں موجود ہونے کی وجہ سے یہ مارکیٹ جوائنٹ روڈ کے علاوہ قریبی علاقوں کے شہریوں کی پہنچ میں تھی جس کے ختم ہونے سے انھیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دکانداروں اور شہریوں کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر اس مارکیٹ کو ختم کرنے کی بجائے انہیں اس مقام سے قریب ہی کسی جگہ منتقل کر دیا جائے تو زیادہ بہتر ہو گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں