دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے: شوکت ترین

تجارت

واشنگٹن: (دنیا نیوز) شوکت ترین نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، آٹا، چینی، دالوں پر سبسڈی دیں گے، ترکی نے پاکستان کو ٹیکسوں سے متعلق مدد کی پیش کش کی۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی اصلاحات کے لیے کوشش کر رہے ہیں، توانائی سیکٹر سے متعلق معاہدے کیے ہیں، دو سے تین روز میں تفصیلات سامنے آجائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے انہیں خیبرپختونخوا سے سینیٹر بنانے کا پروسیس شروع کر دیا ہے۔

یاد رہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے 44 پیسے تک کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا۔ حکومت نے پٹرول 10 روپے 49 پیسے فی لٹر مہنگا کر دیا۔ نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

وزارت خزانہ کے نوٹیفکشین کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 44 پیسہ تک کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 134 روپے 48 پیسے ہوگئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 59 پیسے اضافہ کر کے نئی قیمت 110 روپے 26 پیسے مقرر کر دی گئی۔

وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 8 روپے 84 پیسے اضافہ کیا گیا، جس کے بعد لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت 108 روپے 35 پیسے ہوگئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا، نئی قیمتیں 15 روز کے لئے نافذ ہوں گی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں