فیصل آباد: ایک ماہ کے دوران دالوں کی قیمتوں میں دگنا اضافہ، سفید پوش طبقہ پریشان

تجارت

فیصل آباد : (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ایک ماہ کے دوران دالوں کی قیمت میں دگنا اضافہ ہو گیا، سفید پوش طبقہ دال کی قیمتوں میں اضافہ سے شدید پریشان ہے۔

غریبوں کی خوراک سے پہچانی جانے والی دالیں اب غریب کی خوراک نہیں رہیں، دالوں کی قیمتیں بھی ان کی قوت خرید سے باہر ہو چکی ہیں۔ سبزیوں اور گوشت کے دام زیادہ ہونے پر سفید پوش طبقہ دال کھا کر گزارہ کر لیتا تھا لیکن اب صورتحال مختلف ہے، ایک ماہ کے دوران دالوں کی قیمتوں میں دگنا سے زیادہ اضافہ ہونے پرشہری کہتے ہیں دال غریب آدمی کی پہنچ سے بھی دور ہو چکی۔

ایک ماہ قبل سفید چنا فی کلو پرچون ریٹ 135 روپے اور اب 182 روپے، دال چنا 110 سے بڑھ کر 166 روپے، دال مونگ 126 سے بڑھ کر 135 روپے، ماش کی دال 214 روپے فی کلو سے بڑھ کر 248 روپے پر پنہچ گئی اور دال مسور 133 کی بجائے اب 179 روپے فی کلو ہو چکی ہے۔ دکاندار کہتے ہیں کہ دالوں کی قیمتوں میں اضافہ پر انتظامیہ غلہ منڈی کے تاجر سے پوچھنے کی بجائے ان کو جرمانے کرتی ہے۔

روز بروز بڑھتی مہنگائی سے عام لوگ شدید تنگ ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جس تیزی سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے آئندہ دنوں میں غریب طبقہ کے لئے حالات مزید مشکل ہو جائیں گے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں