حکومتی ٹیکس ہدف 8 کھرب، اگلے سال مکمل ہو جائے گا: چیئرمین آیف بی آر

تجارت

پشاور: (دنیا نیوز) چیئرمین آیف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق نے کہا ہے کہ حکومتی ٹیکس ہدف 8 کھرب ہے، اگلے سال مکمل ہو جائے گا۔

پشاور میں کسٹم ڈے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایف بی آر کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشفاق کا کہنا تھا کہ ہم نے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، اپنے ہدف سے تھوڑا ہی پیچھے ہیں۔ اس سال 6 کھرب روپے ٹیکس وصول کر لیں گے۔ ٹیکس نادہندگان کے خلاف ایکشن شروع ہو چکا ہے، 60 کے قریب افراد کے خلاف کارروائی جاری ہے، ہمیں اختیارات مل گئے ہیں اب انہیں حکومت کو ٹیکس ادا کرنا ہو گا، ود ہولڈنگ ٹیکس میں آگاہی مہم شروع ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا یوریا کھاد کے ذخیرہ اندوزں کے خلاف کارروائی جاری ہے، اب تک بڑی مقدار میں یوریا کھاد برآمد کی جا چکی ہے۔ پاکستان کی سرحدوں پر ایک ہزار اہلکار تعینات کئے ہیں۔ ریونیو اکٹھا ہو گا تو غریبوں کی فلاح وبہبود پر لگے گا، ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے مگر وزیراعظم کے سپورٹ کے بغیر بہتری ممکن نہیں۔ ہمارے پاس شہریوں سے متعلق جیسا ڈیٹا ہوتا ہے کسی دوسرے ادارے کے پاس نہیں ہوتا۔

بعدازاں افغان قونصل جنرل محب اللہ نے چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق سے ملاقات کی اور دو طرفہ تجارتی معاملات پر بات چیت کی۔ محب اللہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے تجارتی امور پر تعاون کیا جائے گا۔ ایف بی آرچئیرمین ڈاکٹر محمد اشفاق نے یقین دہانی کرائی کہ دو طرفہ تجارت میں مشکلات کو دور کرنے کے لئے بہت جلد اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ طورخم ٹو جلال آباد روڈ پر کام کو مزید تیز کر رہے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں