سبزیوں، پھلوں اور اشیائے خورونوش کی گراں فروشی کیخلاف ایکشن شروع

لاہور: (دنیا نیوز) سبزیوں، پھلوں اور اشیائے خورونوش کی گراں فروشی کے خلاف نئی حکمت عملی پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے سبزی منڈیوں میں بڑا ایکشن لیتے ہوئے 230 پوائنٹس پر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے بتایا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی کارروائی کے دوران 12 گراں فروش گرفتار کیے گئے جبکہ نرخنامہ واضح آویزاں نہ کرنے پر 16 اور گراں فروشی پر 14 افراد کو جرمانے عائد کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بادامی باغ سبزی منڈی میں آلو، پیاز اور ٹماٹر کی 14 نیلامیوں کی نگرانی کی گئی، سبزی منڈیوں میں اشیاء کی قیمت کنٹرول کرنے سے ریلیف عوام تک پہنچے گا، سرکاری نرخوں پر اشیاء کی فراہمی کے لیے کارروائیوں کا دائرہ کار بڑھایا گیا ہے۔

ڈی سی لاہور نے مزید کہا کہ گراں فروشی پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بار بار خلاف ورزیاں کرنیوالوں کے گرد شکنجہ مزید سخت کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں