وزیر خزانہ سے ترکیہ کے وزیر تجارت کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ترکیہ کے وزیر تجارت کی سربراہی میں تجارتی وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ترکیہ کے وزیر تجارت ڈاکٹر عمر بولات اور وفد کا خیرمقدم کیا، وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ برادرانہ تعلقات پر زور دیا، ترک وزیر تجارت نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عزم پر زور دیا۔

ترک وزیر تجارت نے شہباز شریف اور صدر اردوان کے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا، ترک وزیر نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے پر خاص طور پر توجہ دی جائے گی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق ترک وزیر تجارت نے ممکنہ سرمایہ کاری کے لیے کلیدی شعبوں کی نشاندہی کی، نشاندہی کیے گئے شعبوں میں خدمات، صحت، تعلیم، طب اور فیشن شامل ہیں۔

ترک وزیر نے ترک سرمایہ کاروں کیلئے سہولت فراہم کرنے کے اقدامات بھی تجویز کیے، ترک وزیر نے پاکستان اور ترکی کے درمیان فلائٹ کنکٹویٹی بڑھانے کی سفارش کی اور کہا کہ فلائٹ کنکٹویٹی بڑھانے سے معاشی تبادلے میں اضافہ ہو سکے گا۔

وزیر خزانہ نے وفد کو آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے سے متعلق بھی آگاہ کیا، سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں ایس آئی ایف سی کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں