سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، سٹاک مارکیٹ میں 7 ہزار پوائنٹس کا بڑا اضافہ
کراچی: (دنیا نیوز) سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج دوبارہ مثبت رجحان دیکھا گیا، ایک روز کی شدید مندی کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 65 ہزار پوائنٹس کی حد پر بحال ہوگیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار کے آغاز پر ہی سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی جو کاروباری روز کے اختتام تک برقرار رہی۔
سٹاک مارکیٹ میں کاروباری روز کے اختتام پر 7 ہزار 32 پوانٹس کے اضافے کیساتھ ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 65 ہزار 476 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
اہم شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھی جا رہی ہے جن میں آٹو موبائل سمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنریز شامل ہیں، حبکو، اے آر ایل، ماری، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، پی ایس او، ایس ایس جی سی، ایس این جی پی ایل مثبت زون میں دکھائی دیئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر انڈیکس 4654 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 58 ہزار 443 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
سٹاک مارکیٹ میں آج 44 ارب 82 کروڑ 78 لاکھ 78 ہزار 166 روپے مالیت کے 58 کروڑ 68 لاکھ 48 ہزار 420 شیئرز کا لین دین ہوا۔