قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا گیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس کل ساڑھے گیارہ بجے طلب کر لیا گیا، این ای سی اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہوگا۔
ذرائع کے مطابق این ای سی اجلاس کی تاریخوں میں 4 بار ردوبدل کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزراء، وزراء اعلیٰ اور وزیراعظم آزاد کشمیر شرکت کریں گے۔
این ای سی اجلاس میں آئندہ مالی سال کے معاشی اہداف پر غور کیا جائے گا، آئندہ مالی سال کیلئے این ای سی اجلاس میں شرح نمو کا ہدف 4 فیصد رکھنے کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کیلئے اوسط مہنگائی 8.2 فیصد مقرر کرنے کی تجویز زیر غور آئے گی، این ای سی اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری متوقع ہے۔
قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں قومی ترقیاتی بجٹ کا جائزہ لیا جائے گا، وفاقی و صوبائی ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کا ترقیاتی بجٹ 4715 ارب روپے تجویز ہے، وفاقی پی ایس ڈی پی 1126 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے، صوبائی ترقیاتی پلان 3138 ارب روپے تجویز ہے۔
ترقیاتی بجٹ اور معاشی اہداف کی منظوری متوقع ہے، وفاق اور صوبوں کے ترقیاتی منصوبے زیر غور آئیں گے، بجٹ 27-2026 کیلئے اہم معاشی فیصلوں کا امکان ہے، این ای سی اجلاس میں معاشی سمت کا تعین کیا جائے گا۔