کشمیر پریمیئر لیگ: بھارتی دباؤ کے باعث انگلش باؤلر مونٹی پینسر دستبردار

کرکٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں حصہ لینے والے انگلش باؤلر مونٹی پینسر نے بھارتی دباؤ پر دستبرداری اختیار کر لی۔

کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں مونٹی پینسر نے اپنا بیان جاری کیا۔

اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے دباؤ آ رہا ہے اور وہاں سے کہا جا رہا ہے کہ اگر آپ کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے جائیں گے اور آزاد کشمیر میں کرکٹ کھیلیں گے تو آپ کیلئے بہت مشکلات پیدا ہوں گی۔

اپنے بیان ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے بتایا گیا کہ کے پی ایل میں حصہ لینے پر آپ کو مستقبل میں بھارت کا ویزہ نہیں ملے گا، میں اپنا سپورٹس جرنلسٹ کا کیریئر شروع کرنا چاہتا ہوں، کمنٹری کا بھی سوچ رہا ہوں، بھارت میں اگر کوئی موقع ملے گا تو وہاں پر بھی میں کام کرنا چاہتا ہوں، اپنا کیریئر خطرے میں نہیں ڈال سکتا۔

مونٹی پینسر کا کہنا تھا کہ بھارت میں کرکٹ بہت بڑی ہے، وہاں اس کے لیے بہت بڑا کیریئر ہے، میں اسی وجہ سے سب کچھ دباؤ پر نہیں لگا سکتا۔

اس سے قبل ٹویٹر پراپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر ٹینشن کے باعث کے پی ایل میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں