نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی، شیڈول جاری

کرکٹ

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا۔ مہمان ٹیم 18 سال بعد ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 سال بعد پاکستان کے دورے پر آئے گی جس کے دوران آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

دونوں ٹیمیں انٹرنیشنل ون ڈے سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلیں گی، یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل تمام 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے جو 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال دوبارہ پاکستان آئے گی۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان اور چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوچکی ہیں، سیریز سے تعلقات مزید بہتر ہونگے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں