کیویز کیخلاف ون ڈے سیریز: قومی ٹیم کو رینکنگ بہتر بنانے کا موقع مل گیا

کرکٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کو اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا موقع مل گیا ۔

تفصیلات کے مطابق 17 ستمبر وہ تاریخی دن ہوگا کہ جب پاکستان 18 سال بعد ایک بار پھر اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا۔ مہمان ٹیم آئی سی سی ورلڈکپ 2019ء کی فائنلسٹ اور آئی سی سی رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعے جبکہ آئندہ دونوں میچز اتوار اور منگل کو کھیلے جائیںگے۔ سیریز کے تینوں میچز پنڈی سٹیڈیم ،راولپنڈی میں کھیلے جائیںگے۔ یہ چوتھا موقع ہوگا کہ جب دونوں ٹیمیں راولپنڈی میں کسی ون ڈے میچ میں مدمقابل آئیںگی۔ یہاں ابتک کھیلے گئے تینوں ون ڈے میچز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 107 ون ڈے کھیلے جاچکے ہیں، جن میں سے 55 میں پاکستان جبکہ 48 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے، 1 میچ برابر جبکہ 3 بے نتیجہ ختم ہوئے۔

دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کاکہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی 18 سال بعد پاکستان آمد خوش آئند ہے۔ ہم مہمان ٹیم کے خلاف ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا اسکواڈ متوازی ہے اور انہیں نوجوان کھلاڑیوں سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ ہم کھلاڑیوں کو انفرادی اور اجتماعی حیثیت سے ٹیم میں ان کا کردار واضح کرنا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سیریز کے پہلے میچ کے لیے اپنے بارہ ناموں کا اعلان بھی کردیا ہے۔

اُدھر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا وہ جانتے ہیں کہ یہ دورہ پاکستان کرکٹ کے لیے کتنی اہمیت کا حامل ہے۔ میزبان ٹیم وائیٹ بال کرکٹ میں کبھی بھی آسان حریف ثابت نہیں ہوتی، ان کے پاس محدود طرز کی کرکٹ کے بہت باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ سیریز میں کامیابی کے لیے ہمیں بہترین نتائج کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات اور حال ہی میں نیوزی لینڈ میں پاکستان کے خلاف کرکٹ سیریز کھیل چکے ہیں، لہٰذا ہمیں اس ٹیم کی قابلیت اور صلاحیت کا بخوبی اندازہ ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ ہم جلد از جلد ان کنڈیشنز سے خود کو ہم آہنگ کرلیں تاکہ سیریز سے بہترین نتائج حاصل کیے جاسکیں۔

سیریز میں شامل بقیہ دو میچز 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد دونوں ٹیمیں لاہور روانہ ہوجائیں گی جہاں پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔

پاکستان سکواڈ:
بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور زاہد محمود

نیوزی لینڈ کرکٹ سکواڈ:
ٹام لیتھم (کپتان)، فن ایلن، ہمیش بینیٹ، ٹام بلینڈل (وکٹ کیپر)، ڈگ بریسوسیل، کولن ڈی گرینڈہوم، جیکب ڈفی، میٹ ہنری، سکاٹ کگلیجن، کول مکانچی، ہنری نکلس، اعجاز پٹیل، رچن رویندرا، بلیر ٹکنر اور ول ینگ

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں