ویسٹ انڈین ٹیم کی یکم نومبر کو پاکستان آمد،گرلز ان گرین کے سکواڈ کا اعلان

کرکٹ

لاہور:(دنیا نیوز)ویسٹ انڈیز خواتین کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کنفرم ہونے کے یکم نومبر کو پاکستان پہنچے گی اور تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلے گی جبکہ گرلز ان گرین کے سکواڈ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے شیڈول کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق مہمان ٹیم تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے یکم نومبر کو کراچی پہنچے گی جبکہ سیریز کے میچز 14،11،8 نومبر کو کھیلے جائیں گے ۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم کا کیمپ 23اکتوبر سے کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے جبکہ 4سے 7نومبر کو دونوں ٹیموں کا پریکٹس سیشن شیڈول ہے اور سیریز کے فوری بعد دونوں ٹیمیں زمبابوے روانہ ہوجائیں گی۔

زمبابوے میں کوالیفائنگ رائونڈ 21 نومبر سے پانچ دسمبر تک کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویسٹ انڈیز اور ورلڈ کپ کوالیفائر میچز کے لئے سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے  جس کے لئے جویریہ خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہےجبکہ سکواڈ میں دیگر کھلاڑیوں میں ایمن انور،عالیہ ریاض،انعم امین،عائشہ ظفر،ڈیانا بیگ،فاطمہ ثنا،ارم جاوید،کائنات امتیاز،ماہم طارق،منیبہ علی،ناشرہ سندھو،ندا ڈار،عمیمہ سہیل،رامین شمیم،سعدیہ اقبال،سدرہ امین اور سدرہ نواز شامل ہیں۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا آنا خوش آئند ہے، خواتین جتنا کرکٹ کھیلیں گی تجربہ اتنا ہی بڑھے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا آنا خوش آئند ہے:رمیز راجہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق چیئرمین رمیز راجہ نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کیربیئن خواتین کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے ، نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے دونوں ٹیمیں کوالیفائی کریں، پاکستان میں خواتین کرکٹرز کے پول کو بڑھانا ہے جبکہ خواتین جتنا کرکٹ کھیلیں گی تجربہ اتنا ہی بڑھے گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں