'ابھی شروعات ہے، انجوائے کریں، مگر توجہ اپنے ہدف پر مرکوز رکھیں'

کرکٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ یہ انفرادی کارکردگی نہیں، بطور ٹیم ہم میچ جیتے ہیں۔

بابر اعظم نے بھارت کیخلاف شاندار فتح کے بعد ساتھی کرکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ورک کو کسی بھی وقت نہیں چھوڑنا، ابھی شروعات ہے، انجوائے کریں، ضرور کریں، مگر توجہ اپنے ہدف پر مرکوز رکھیں۔

کپتان بابر اعظم نے کہا کہ یہ انفرادی کارکردگی نہیں، یہ بطور ٹیم ہم جیتے ہیں، ہمارا ہدف ورلڈ کپ جیتنا ہے اس لیے ہم نے کسی بھی خوش فہمی میں نہیں رہنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہمیں ہلکا نہیں ہونا۔

اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے بھی جیت کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے خطاب کیا۔ ثقلین مشتاق نے بھی کہا کہ ہم نے بطور یونٹ کامیابی حاصل کی، اگر آج کی پرفارمنس میں کوئی کمی ہے تو اگلے میچ میں اسکو بھی پورا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو اچھا کیا ہے، اس کو مزید بہتر کرنا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں محمد رضوان اور بابر اعظم نے 152 رنز کی ناقابل شکست شراکت بناکر پاکستان کو بھارت کیخلاف 10 وکٹ سے تاریخی فتح دلائی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں