پہلا ٹیسٹ، بنگلا دیش 330 پر آؤٹ، پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنا لیے

کرکٹ

چٹاگانگ: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے روز بنگلا دیش کے 330 رنز کے جواب میں پاکستان نے کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنا لیے ہیں۔

 چٹاگانگ کے چوہدری ظہور الہی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم نے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 145  رنز بنا لیے، عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

قبل ازیں بنگلادیش نے آج اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو لٹن داس 113 اور مشفیق الرحیم 82 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

تاہم کھیل کے دوسرے ہی اوور میں حسن علی نے گزشتہ روز سنچری اسکور کرنے والے لٹن داس کو ایک رن کے اضافے کے بعد 114 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ لٹن داس اور مشفیق الرحیم کے درمیان 206 رنز کی شراکت ہوئی۔

اگلے آنے والے بیٹر یاسر علی کو بھی حسن علی نے 4 رنز پر بولڈ کر دیا جبکہ مشفیق الرحیم 91 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ شادمان اسلام، سیف حسن اور نجم الحسین 14، 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ مہدی حسن 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک وکٹ ساجد خان کے حصے میں آئی۔

کھیل کے پہلے روز بنگلا دیش نے لٹن داس اور مشفیق الرحیم کی ذمے دارانہ بیٹنگ کے باعث 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز اسکور کیے تھے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں