پاک،ویسٹ انڈیز ہوم سیریز کیلئے 100 فیصد تماشائیوں کو اجازت مل گئی

کرکٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو نیشنل سٹیڈیم میں 100 فیصد شائقین لانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 13 سے 22 دسمبر تک تین ٹی ٹونٹی اور اتنے ہی ون ڈے میچز ہونے ہیں جس کے لیے 100 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت مل گئی ہے،۔ پاکستان نے اس سال 17 ٹی ٹونٹی جیتے ہیں اور آخری 10 مکمل شدہ میچز میں 9 کامیابیوں کیساتھ ویسٹ انڈیز کیخلاف میدان میں اترے گا ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے T20I میچوں کے ٹکٹوں کی قیمتیں 250 سے 2000 روپے مقرر کی ہیں۔ جنرل انکلوژرز (انتخاب عالم، اقبال قاسم، محمد برادران، نسیم الغنی اور وسیم باری) کی سیٹوں کی قیمت 250 روپے ہے۔ فرسٹ کلاس انکلوژرز (آصف اقبال، ماجد خان، قائد، وقار حسن اور ظہیر عباس) کی قیمت 500 روپے ہے۔ پریمیم انکلوژرز (عمران خان اور وسیم اکرم) کی ٹکٹ کی قیمت 1000 روپے رکھی گئی ہے جب کہ وی آئی پی انکلوژرز (فضل محمود، حنیف محمد اور جاوید میانداد) کی ٹکٹوں کی قیمت 2000 روپے رکھی گئی ہے ۔


یہ ٹکٹیں آن لائن (www.bookme.pk)، ٹیلی فون پر (0092 313 778 6888) یا باکس آفس اور M&P آؤٹ لیٹس کے ذریعے خریدی جا سکتی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے افراد کو مکمل طور پر ویکسین لگوانا ضروری ہے جب کہ 12 سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے کسی قسم کی ویکسینیشن کی ضرورت نہیں۔ ٹکٹ، CNIC اور نادرا سے جاری کردہ امیونائزیشن سرٹیفکیٹ دکھا کر میچز دیکھے جاسکیں گے ۔

دونوں ٹیمیں 18، 20 اور 22 دسمبر کو تین ون ڈے میچ کھیلیں گی جو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے جس کے لیے ٹکٹیں 100 روپے سے شروع ہوں گی اور 1000 روپے تک جائیں گی۔ جنرل انکلوژرز میں سیٹیں 100 روپے، فرسٹ کلاس میں 250 روپے جب کہ پریمیم ٹکٹیں 500 روپے اور وی آئی پی ٹکٹیں 1000 روپے میں دستیاب ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں