ویرات کوہلی نے ٹیسٹ قیادت سے بھی استعفی دے دیا

کرکٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کے دوران زلت آمیز شکست کھانے والی بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔

خیال رہے بھارتی کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ سے قبل ویرات کوہلی کو ون ڈے کرکٹ کی کپتانی سے ہٹا دیا تھا۔

ویرات کوہلی نے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہر چیز کا ایک اختتام ہے۔ 7برس کی طویل جدوجہد اور محنت کہ جس کا مقصد ٹیم کو ایک نئی جہت اور سمت کیساتھ کامیابیوں سے ہمکنار کروانا مقصود رہا۔ انھوں نے کہا کہ میں نے یہ ذمےداری پوری محنت اور دیانت داری کیساتھ نبھائی اور اپنا 120پرسنٹ کردار ادا کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ میں بی سی سی آئی کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے ایک طویل عرصے تک یہ ذمے داری نبھانے کا موقع دیا اور تمام ساتھی کھلاڑیوں کا کہ جنھوں نے میرے بھارتی کرکٹ ٹیم کے بابت وژن میں میرا ساتھ دیا۔

اپنی پوسٹ کے اختتام پر انھوں نے کہا کہ میں ایم ایس دھونی کا مشکور ہوں کہ انھوں نے مجھ پر بطور کپتان اعتبار کیا۔

 

دوسری طرف بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویرات کوہلی کے ٹیسٹ قیادت سے استعفی کے اعلان پر کہا ہے کہ ویرات کوہلی کو ان کی قابل تعریف قائدانہ خصوصیات کے لیے مبارکباد دیتے ہیں، انہوں نے 68 میچوں میں ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 40 میچز میں جیت حاصل کی اور سب سے کامیاب کپتان رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا کیخلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران بھارتی ٹیم کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تین میچز کی سیریز میں میزبان ٹیم نے 2-1 سے فتح حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ کوہلی نے 99 ٹیسٹ میچوں میں 50 کی اوسط سے 7962 رنز سکور کیے۔ ٹیسٹ میچز میں ان کا ہائی اسکور ناقابل شکست 254 رہا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں