آئی سی سی نے رواں سال ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا

کرکٹ

دبئی: (دنیا نیوز) آئی سی سی نے رواں سال ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا، افتتاحی میچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہوں گے، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا، 13 نومبر کوایونٹ کے فائنل کی میزبانی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کرے گا۔

دوہزار بائیس میں شائقین کرکٹ کیلئے ایک اور میلہ سجے گا، آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ سپر 12 راؤنڈ کے لیے چھ چھ ٹیموں کے دو گروپس بنائے گئے ہیں۔

پہلے گروپ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ، انگلینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔ پاکستان، بھارت، جنوبی افریقہ اور بنگلا دیش گروپ ٹو کا حصہ ہیں۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کے سیمی فائنل کھیلنے والی چاروں ٹیمیں سپر 12 راؤنڈ کا حصہ بنیں گی۔

ایونٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ 16 سے 21 اکتوبر تک ہوبارٹ اور جےلونگ میں شیڈول ہے۔ سابق عالمی چیمپئنز ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کوالیفائنگ راؤنڈ میں قسمت آزمائیں گے۔

سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہو گا، پہلے میچ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ ایونٹ کا سب سے بڑا میچ پاک بھارت ٹاکرا 23 اکتوبر کو میلبرن میں شیڈول ہے۔

پاکستان 3 نومبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 6 نومبر کو بنگلا دیش کا مقابلہ کرے گا، ٹی 20 کرکٹ میلے کا فائنل 13 نومبر کو تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں