'آپ نے سر فخر سے بلند کردیا'، وزیراعظم، مریم و دیگر کی کھلاڑیوں کو مبارکباد

کرکٹ

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان ، مریم نواز، اسد عمر اور دیگر نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے ایوارڈ جیتنے والے قومی کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ    آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا ہے  ۔

مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی قومی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ بابر، رضوان اور شاہین پر فخر ہے کہ وہ دنیا کو باور کراتے ہیں کہ پاکستان کو شاندار صلاحیتوں کے حامل ٹیلنٹ کا تحفہ دیا گیا ہے اور خواتین میں فاطمہ ثناء کو ملکی پرچم بلند کرنے پرناز ہے۔ پاکستان کے چیمپئنز کے لئے کے لیے دل سے محبت اور دعائیں ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

آئی سی سی کی جانب سے ایوارڈ دیئے جانے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی قومی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ہمارے کرکٹرز کا گزشتہ سال شاندار رہا اور وہ پوری قوم کے لیے فخر اور خوشی کا باعث بنے۔

شاہین، بابر اعظم، رضوان اور فاطمہ کو آئی سی سی ایوارڈز جیتنے پر مبارکباد اور پی ایس ایل 7، ٹی 20 ورلڈ کپ اور دیگر آنے والے ایونٹس کے لیے گڈ لک کہتا ہوں۔

اسد عمر

 

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی آئی سی سی ایوارڈ جیتنے پر بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

فیصل جاوید

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے بھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) ایوارڈز حاصل کرنے پر قومی کھلاڑیوں کو مبارکباد کے پیغام دیئے گئے۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور خاتون کرکٹر فاطمہ ثنا کو ایوارڈ سے نوازا گیا ۔

بابر اعظم آئی سی سی ون ڈے پلئیر آف دی ائیر قرار

قومی کپتان بابر اعظم نے آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا ہے جبکہ انگلینڈ کے جو روٹ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار دیئے گئے ہیں۔

شاباش بابر اعظم،آئی سی سی نے قومی کپتان کو ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر قرار دے دیا۔ بابر اعظم ، پال اسٹرلنگ ، جانیمن میلان اور شکیب الحسن ون ڈے کے بہترین کھلاڑی کے لیے نامزد کیے گئے تھے۔ بابر اعظم نے سال 2021 میں چھ ون ڈے میچز میں 67.50 کی اوسط سے 405 رنز اسکور کیے۔ قومی کپتان نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچز کی سیریز میں ایک سنچری کی بدولت 228 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بابر اعظم نے کیرئیر بیسٹ ایک سو اٹھاون رنز کی اننگز کی بدولت 177 رنز اسکور کیےتھے۔

بابر اعظم کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پی سی بی اور فینز کاسپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں ، مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے ، انگلینڈ کے خلاف 158 رنز کی اننگز یادگار تھی ، جنوبی افریقہ میں جیت حاصل کرنے سے مورال بلند ہوا ۔

ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ انگلینڈ کے جوروٹ نے جیت لیا ہے ، انگلش کپتان نے سال 2021 میں سترہ سو آٹھ رنز بنائے تھے۔

شاہین شاہ آفریدی نے آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا

 پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا۔ شاہین پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے سرگار فیلڈ سوبرز جیتنے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کو یہ ایوارڈ ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت ملا، انہوں نے 2021 کے دوران 36 میچوں میں 22.20 کی اوسط سے 78 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی کا اس موقع پر کہنا ہے کہ سال 2021 میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی۔

واضح رہے کہ سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی برائے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز پلیئر آف دی ایئر کے لیے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سمیت انگلینڈ کے کپتان جو روٹ اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن شامل تھے۔

آئی سی سی ایوارڈ :رضوان ٹی 20، فاطمہ ثنا ایمرجنگ ویمن کرکٹر آف دی ایئر قرار

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 اور فاطمہ ثنا نے ایمرجنگ ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے ہیں، ان کو گزشتہ سال 1326 ٹی 20 انٹرنیشنل رنز بنانے پر سال کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

محمد رضوان کا اس حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ دہری خوشی اس بات کی ہے کہ اس بار یہ ایوارڈ پاکستان کو ملا ہے، دنیا کی ٹاپ ٹیمز میں پاکستان کا نام آنا خوشی کی بات ہے۔

قومی وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ ایوارڈ کاکریڈیٹ ٹیم مینجمنٹ، ساتھی کرکٹرز اور میرے کھیل کا جائزہ لینے والوں کو بھی جاتا ہے، سب کی محنت کی وجہ سے آج دنیا بھر میں پاکستان ٹیم کا نام ہے۔

آئی سی سی ویمنز ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر آسٹریا کی آندریا مائی زبیدہ قرار پائیں جبکہ آئی سی سی ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ عمان کے ذیشان مقصود کے نام رہا۔

فاطمہ ثنا آئی سی سی ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اعزاز اپنے نام کرنے پر انہوں نے کہا کہ وہ ایوارڈ جیتنے پر خوش ہیں ۔

واضح رہے کہ فاطمہ ثنا ویمن ون ڈے پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں