پی ایس ایل 7: پہلے ہی میچ میں دفاعی چیمپئن سلطانز نے کنگز کا تختہ اُلٹ دیا

کرکٹ

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے ہی میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کا 7 وکٹ سے تختہ اُلٹ دیا۔

کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے کنگز کے کپتان بابر اعظم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی ۔  

ملتان سلطانز اننگز

125رنز ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا،کراچی کنگز کے عامر یامین نے پہلا اوور کرایا۔

ملتان سلطانز نے 125رنز کا ہدف صرف19 ویں اوور میں 3وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، فاتح ٹیم کے شان مسعود 26 رنز بناکر محمد الیاس کی گیند پر لوئس گریگوری کو کیچ دے بیٹھے، صہیب مقصود 30 اور ریلی روسو 2 سکور بناکر محمد نبی کا شکار بنے، محمد رضوان52  اور ٹم ڈیوڈ 12 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے محمد الیاس نے 1 اور محمد نبی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ میں 16رنز کے عوض 3 وکٹ حاصل کرنے والے عمران طاہر کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کراچی کنگز اننگز

 کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور کپتان بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ  ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ویلی نے پہلا اوور کرایا۔ شرجیل خان 43 رنز بناکر عمران طاہر کی گیند پر شان مسعود کو کیچ دے بیٹھے،بابر اعظم 23 سکور بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

محمد نبی نے 10 سکور بنائے اور عمران طاہر کا شکار بنے جبکہ ٹام لیمنبے صرف 1 رنز بناکر عمران طاہر کو ہی وکٹ دے بیٹھے، جوئے کلارک کی اننگز 26 سکور پر ختم ہو گئی۔ شاہنواز دھانی نے کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 124  رنزبنائے، لوئس گریگوری14 اور عامر یامین 1 سکور بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے 3 ، شاہنواز دھانی اور خوشدل شاہ نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

ملتان سلطانز سکواڈ:

شان مسعود، محمد رضوان (کپتان)، صہیب مقصود، ریلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، عمران طاہر، عمران خان سینئر، شاہنواز دھانی، احسان اللہ شامل تھے۔

کراچی کنگز سکواڈ: 

بابر اعظم (کپتان)، شرجیل خان، جوئے کلارک، محمد نبی، ٹام لیمنبے، لوئس گریگوری، عامر یامین، محمد عمران جونیئر، طہ خان، عمید آصف، محمد الیاس شامل تھے۔

محمد رضوان : 

ٹاس جیتنے کے بعد ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کا کہنا تھا کہ ہم پہلے باؤلنگ کریں گے،  ہم سب سے پہلے حالات کا جائزہ لینا چاہیں گے اور دیکھنا چاہیں گے کہ ہمارے لیے چیزیں کیسے نکلتی ہیں۔ کراچی میں گزشتہ پی ایس ایل سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا تھا تاہم اس بار بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ 

بابر اعظم:

کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے کا کہنا تھا کہ  کراچی کنگز کی کپتانی کر کے اچھا لگ رہا ہے، اپنی ذمہ داری اچھی طریقے سے نبھاؤں گا، ہر ٹیم پلان کر کے میدان میں اترتی ہے۔ 

افتتاحی تقریب

نیشنل سٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب سے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا میلہ سج گیا ہے۔

تقریب کے آغاز پر 1950 کی دہائی سے لے کر 2022 تک پاکستان کرکٹ کی 70سالہ تاریخ پر مختصر نظر ڈالی گئی جس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے خود تفصیلات بیان کیں اور قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔

فضل محمود کی اوول میں تاریخ ساز کارکردگی سے لے کر ویسٹ انڈیز میں حنیف محمد کی سنچری اور جاوید میانداد کے شارجہ میں چھکے تک تمام عظیم کھلاڑیوں کو اس ویڈیو میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ڈاکیومینٹری میں 1992 میں عمران خان کی زیر قیادت قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں فتح، 2009 کے ورلڈ ٹی20 میں چیمپیئن سے لے کر 2017 میں چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرنے کے یادگار واقعات بھی قید کیے گئے۔

اس کے بعد نیشنل اسٹیڈیم روشنیوں سے جگمگا اٹھا جبکہ عالمی شہرت یافتہ پیراشوٹ ایتھلیٹس فلورینٹ ڈریگیئر، پال اشٹائنر اور اسٹیفن میولر نے پیراگلائیڈنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔

تقریب میں شائقین کا جوش و خروش اس وقت عروج پر پہنچ گیا جب سپراسٹار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے آواز کا جادو جگاتے ہوئے ساتویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ پیش کیا۔

اس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین رمیز راجا کے ہمراہ خصوصی ویڈیو میں لیگ کے افتتاح کا اعلان کیا۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہر ٹیم آخری گیند تک لڑے گی ور عوام کو تفریح فراہم کرے گی۔

وزیر اعظم کی جانب سے لیگ کے افتتاح کے بعد آتش بازی کے مظاہرے سے تقریب کا اختتام کیا گیا۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی کا انتظام پاک فوج کے سپرد ہے جبکہ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔

کرکٹ میلے کا دوسرا میچ کل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا جائے گا۔ زلمی کے کپتان وہاب ریاض کورونا کی وجہ سے پہلے میچ سے باہر ہوچکے ہیں اور ان کی جگہ شعیب ملک قیادت کے فرائض انجام دیں گے جبکہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سرفراز احمد کے ذمہ ہے۔

این سی او سی کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق کورونا ایس او پیز کے تحت کراچی نیشنل سٹیڈیم میں 25 ہزار تماشائیوں کو آنے کی اجازت دی گئی ہے، لاہور میں اگلے مرحلے کے لئے تماشائیوں تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

نیشنل سٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہوگا، آتشیں اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس ممنوع ہو گا، بینر، پوسٹر پر مذہبی یا فحش جملوں کی بھی ممانعت ہوگی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں