وہاب، کامران سمیت 13 کرکٹرز واپڈا ملازمت سے فارغ

کرکٹ

کراچی: (روزنامہ دنیا) واپڈا نے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض، کامران اکمل سمیت 13 کرکٹرز کو ملازمت سے فارغ کر دیا۔

تمام کھلاڑیوں کو واپڈا سپورٹس کے 13 دسمبر 2021 کے فیصلے کی روشنی میں 25 جنوری کو نوکری سے فارغ کیا گیا ہے، جن کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ ختم ہونے کے لیٹر جاری کئے گئے ہیں، ان میں وہاب ریاض، کامران اکمل، سلمان بٹ، صہیب مقصود، ارشد اقبال اور صدف مہدی شامل ہیں۔

یہ کرکٹرز سپیشل کنٹریکٹ پر پاکستان واپڈا ا سپورٹس بورڈ میں ملازم تھے ، ان کی تنخواہ اور مراعات ستمبر سے بند تھیں، ان کو جاری کردہ خطوط میں واضح کیا گیا ہے کہ تین سال کا کنٹریکٹ پورا ہونے پر مزید ان کی خدمات درکار نہیں۔

دوسری جانب محمد آصف، زاہد منصور، سہراب خان، شاہد طارق اور مہندر پال سنگھ کے معاہدے بھی ختم کر دئیے گئے ہیں۔ خصوصی وظیفہ حاصل کرنے والے جہانزیب عبداللہ کا بھی وظیفہ روک دیا گیا۔ مستقل ملازم علی رفیق کو فوری طور پر ڈیوٹی جوائن کرنے کا کہا گیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں