نیا ڈومیسٹک سیزن: پی سی بی کا تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس کرانے کا اعلان

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے ڈومیسٹک سیزن 25-2024 میں تین نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس کرانے کا اعلان کر دیا۔

تینوں فارمیٹس میں چیمپئنز ون ڈے کپ، چیمپئنز ٹی 20 کپ اور چیمپئنز فرسٹ کلاس کپ منعقد ہوں گے، نئے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز یکم ستمبر کو چیمپئنز ون ڈے کپ سے ہو گا۔

اس سیزن میں پاتھ وے اور ڈویلپمنٹ سطح پر مجموعی طور پر 13 ہزار میچز کھیلے جائیں گے، نئے ڈومیسٹک سیزن میں فرسٹ کلاس اور دیگر میچوں کی تعداد بھی بڑھائی گئی ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ان ٹورنامنٹس کا مقصد ہماری کرکٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانا ہے، ہماری موجودہ رینکنگ پاکستان کی حقیقی صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتی، اصل مقام بحال کرنا ہے، پاکستان کرکٹ کے مستقبل سے بہت پرامید ہوں۔

علاوہ ازیں بورڈ کی جانب سے ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے معاوضوں اور میچ فیس میں بھی اضافہ کر دیا گیا، کیٹیگری ون کے کھلاڑی کو ساڑھے 5 لاکھ روپے ملیں گے، پچھلے سیزن میں یہ معاوضہ 3 لاکھ روپے تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں