وقار یونس کی تقرری کیخلاف درخواست پر سماعت ملتوی
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کے ایڈوائزر وقار یونس کی تقرری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت عدالتی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری نے چیئرمین پی سی بی کے ایڈوائزر وقار یونس کی تقرری کے خلاف شہری مشکور حسین کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ندیم سرور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کرکٹ قوانین کیا کہتے ہیں؟ آپ کس طرح متاثرہ فریق ہیں؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ میں پاکستان کا شہری ہوں، اشتہار کے بغیر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
بعدازاں عدالت نے درخواست گزار کو تقرری کا نوٹیفکیشن درخواست کے ساتھ لگانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت عدالتی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔