ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ: آسٹریلیا کا ایک بار پھر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ
ایڈیلیڈ: (ویب ڈیسک) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا نے بھارت کوایڈیلیڈ میں شکست دے کر ایک بار پھر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی۔
دوسری جانب انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کیخلاف 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری لے کر کیویز کی فائنل میں رسائی کا امکان ماند کردیا جبکہ آسٹریلیا سے 10 وکٹ سے ملنے والی شکست نے بھارت کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا۔
سردست جنوبی افریقہ دوسرے نمبر پر براجمان ہے، سری لنکا چوتھے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ نے پانچویں اور نیوزی لینڈ نے چھٹی پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔
کرائسٹ چرچ میں کامیابی کے باوجود انگلینڈ کو سلو اوور ریٹ پر 3 ورلڈ چیمپئن شپ پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا رہا تھا، کیویز بھی اسی سزا سے دوچار ہوئے ہیں۔
کرائسٹ چرچ میں ناکامی پر کیویز پانچویں نمبر پر چلے گئے تھے لیکن اب ویلنگٹن میں 232 رنز سے ملنے والی بڑی شکست نے انہیں مزید تنزلی سے دوچار کرکے چھٹے نمبر پردھکیل دیا۔
آسٹریلیا ابھی نمبر ون ہے مگر کینگروز کے ابھی بھارت سے ہوم سیریز کے 3 اور سری لنکا سے اوے سیریز کے 2 میچز باقی ہیں۔
جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں مات دیکر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے، جنوبی افریقہ 59.26 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، پروٹیز کے سری لنکا سے ایک ٹیسٹ کے بعد پاکستان سے ہوم 2 ٹیسٹ میچز باقی ہیں۔
بھارت 57.29 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، انہیں آسٹریلیا سے اب 3 اوے میچز کھیلنے ہیں، سری لنکا کا تناسب 50 فیصد ہے، وہ چوتھے نمبر پر ہیں، پانچویں نمبر پر انگلینڈ 45.24 فیصد کے ساتھ ہے، چھٹے نمبر پر موجود کیویز کا جیت کا تناسب 44.23 فیصد ہے۔
ساتویں نمبر پرپاکستان ہے جس کا جیت کا تناسب 33.33 فیصد ہے، بنگلا دیش 31.25 فیصد کے ساتھ آٹھویں نمبر پر براجمان ہے، ان کے موجودہ سائیکل میں تمام میچز مکمل ہو چکے ہیں، ویسٹ انڈیز 24.24 فیصد کے ساتھ نویں نمبر پر ہے اور ان کے پاکستان سے 2 اوے میچز باقی ہیں۔